
لاہور(ویب ڈیسک)صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 20سے 25جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
مزید بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کے امکانات ہیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق 18جولائی سے 23جولائی تک ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاول پور اور بہاول نگر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں سے التماس کی کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی کی تباہ کاریوں کے باعث 26جون سے 17جولائی کے درمیان 178افراد جاں بحق جبکہ 491زخمی رپورٹ ہوئے تھے جس میں 85 بچے بھی شامل ہیں،رپورٹ کے مطابق گزشتہ 16سے 17 جولائی کے دوران ملک بھر میں طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں، چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے 54اموات رپورٹ ہوئیں، اس دوران 227افراد زخمی بھی ہوئے۔





































