
کراچی ( ویب ڈیسک ) شہرِ قائد اس وقت شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے
اور سردی کی شدت نے شہریوں کو متاثر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بعض علاقوں میں پارہ اس سے بھی زیادہ نیچے چلا گیا۔ گزشتہ رات جناح ٹرمینل پر سب سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ گلستانِ جوہر اور شاہراہ فیصل میں درجہ حرارت 9 ڈگری رہا۔ ماڑی پور میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور بن قاسم کے علاقے میں 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی،کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہےجب کہ دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ہے اور شمال مشرقی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ کر محسوس کی جا رہی ہے۔





































