
غزہ ( خبر ایجنسی،فوٹوفائل)حماس اورحزب اللہ کی کارروائیوں میں 14 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے،حماس کےعسکری ونگ القسام غزہ کے
علاقے شجاعیہ میں 10 اسرائیلی فوجی مار دیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام کے بریگیڈر نے بتایا کہ ان کے جنگجوﺅں نے غزہ شہر کے الشجائیہ میں النزاز اسٹریٹ کے مشرق میں جمعرات کے روز کارروائی میں 10 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ ایک بیان کے مطابق، القسام کے جنگجوﺅں نے ایک عمارت کو نشانہ بنایا جہاں ایک اسرائیلی فورس راکٹ لگائے بیٹھے تھے، القسام اس عمارت کی جانب بڑھے اور اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر دیا۔
علاوہ ازیں بریگیڈز کے جنگجوﺅں نے عمارت کے اندر جا کر دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کو دھماکے سے اڑا دیا،حملے کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے وہاں اسرائیلی ہیلی کاپٹر روانہ کیے گئے۔اس سے قبل صہیونی ریاست کے میڈیا آﺅٹ لیٹ ٹائمز آف اسرائیل نے خبر دی تھی کہ لبنان کی تنظیم حزب اللہ اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے جھڑپوں میں چار صہیونی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ یہ جھڑپیں غزہ اور گولان کی پہاڑیوں کے علاقوں میں پیش آئیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں رائے ملر اور الیشا لوگاسی شامل ہیں۔ لگاسی پلاٹون کمانڈر تھا۔ انہیں شجائیہ میں حماس نے طیارہ شکن میزائل داغ کر ہلاک کیا۔ دونوں کی عمر 21 سال تھی۔حزب اللہ نے اپنے اہم کمانڈر محمد ناصر کی شہادت کا بلہ لینے کیلئے گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا، اس حملے میں 38 سالہ کمانڈر ایتے گیلیہ ہلاک ہوا۔
حزب اللہ اور حماس کے حملوں میں اسرائیل کو غیر معمولی مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، اسرائیلی میڈیا آﺅٹ لیٹس نے تسلیم کرتے ہوئے کہ تھا کہ غزہ میں حماس سے ون آن ون لڑائی میں اب تک 325 اسرائیلی فوجی جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔
ادھر اسرائیلی حکومت نے مغربی کنارے میں 3 نئی یہودی بستیاں قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہودی بستیاں 5 ہزار 300 رہائشی یونٹس پر مشتمل ہوں گی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیڑھ سال میں اسرائیل فلسطینی علاقوں میں 24 ہزار رہائشی یونٹس بنانے کی منظوری دے چکا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت سال 2020 تا 2022 فلسطینی علاقوں میں 20 ہزار کے قریب رہائشی یونٹس بنا چکی جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے ابتک مغربی کنارے میں 23 یہودی بستیاں تعمیر کی جا چکی ہیں۔




































