
اسلام آباد (ویب ڈیسک )اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاکستان بھر میں چاند گرہن کا خوبصورت نظارہ دیکھا گیا۔ یہ جزوی چاند گرہن تھا، جو رات تقریباً 11
بجے شروع ہوا اور پیر کی صبح 2 بجے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ چاند گرہن پاکستان کے علاوہ ایشیا، یورپ، اور افریقہ کے مختلف حصوں میں بھی دیکھا گیا۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں کی چھتوں، کھلے میدانوں اور مختلف مقامات سے چاند گرہن کا نظارہ کیا۔ کئی شہروں میں فلکیاتی سوسائٹیز نے اس موقع پر خصوصی پروگرام بھی منعقد کیے جن میں دوربینوں کی مدد سے چاند کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا گیا۔علماء کرام نے اس موقع پر چاند گرہن کے وقت نمازِ خسوف ادا کرنے کی تلقین کی، اور کئی مساجد میں خصوصی عبادات کا بھی اہتمام کیا گیا۔
چاند گرہن ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے جو اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، اور اس کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔یاد رہے کہ 2025 میں یہ دوسرا چاند گرہن تھا، جبکہ رواں سال کا ایک مکمل چاند گرہن اکتوبر میں متوقع ہے۔




































