
لاہور (شوبز ڈیسک) سینیئر اداکار و میزبان نعمان اعجاز کواداکارہ عائشہ عمر سے پروگرام کے دوران جنسی ہراسانی کے معاملے پر نامناسب انداز
میں سوال کرنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔نعمان اعجاز نے حال ہی میں عائشہ عمر کو اپنے پروگرام میں مدعو کیا تھا، جہاں اداکارہ نے ماضی میں خود کو جنسی ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی تھی جس پر عائشہ عمر نے کہا کہ ان سے بہت سارے لوگوں نے پوچھا تھا اور یہ کہ انہوں نے اپنی مرضی سے بھی اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کو بیان کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب انہوں نے دیکھا کہ بہت سارے لوگ اپنے ساتھ ہونے والے جنسی ہراسانی کے واقعات پر بات کر رہے ہیں تو ان میں بھی ہمت آگئی اور پھر انہوں نے یہ بھی سوچا کہ ان کے بات کرنے سے مزید سیکڑوں لڑکیوں میں ہمت آئے گی اور وہ بھی بات کریں گی۔تاہم پروگرام کے دوران عائشہ عمر سے جنسی ہراسانی کے واقعات سامنے لانے سے متعلق سوالات کرنے پر نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔





































