
اسلام آباد( اسپورٹس ڈیسک )نڈر 19ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد سابق فاسٹ بولر
شعیب اختر پی سی بی پر برس پڑے۔دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل کی ایک ویڈیو میں انڈ ر19ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
شعیب اختر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ انڈر 19ٹیم کے کھلاڑیوں کی بہترین پرفارمنس کے لیے سب سے ضروری ہوتا ہے کہ ان کا کوچ بہترین ہو جیسا بھارت کی انڈر 19 ٹیم کا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں میں، یونس خان اور محمد یوسف پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے اپنی خدمات دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں لیکن پی سی بی کی جانب سے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں ہو رہی۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ یونس خان پی سی بی کے پاس نوکری مانگنے گئے تو وہ یونس خان سے بحث کرنے لگ گئے کہ آپ15لاکھ نہیں بلکہ 13 لاکھ لے لو جس پر یونس خان نے انکو کہا کہ یہ آپ ہی رکھ لو۔شعیب اختر نے کہا کہ پی سی بی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں و کرکٹ سٹارز کیساتھ ایسا سلوک کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں، محمد یوسف اور یونس خان اِن لڑکوں کی کوچنگ کرتے تو میں دیکھتا کہ کون ایسے ہار کے آتا، کس کی پرفارمنس بری ہوتی، میں دیکھتا کہ یوسف کیسے رنز نہیں کرواتا اور میں دیکھتا کہ یونس کے ہوتے ہوئے لڑکے کیسے پرفارم نہیں کرتے۔





































