
لاہور (اسپورٹس ڈیسک)قومی خواتین کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے آئندہ
سال جنوری میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق دونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے مابین 16 سے 29 جنوری تک جاری رہنے والی سیریز کے میچز سڈنی، برسبین اور کینبرا میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 16، 18 اور 21 جنوری کو کھیلے جائیں گے، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل اس سیریز کے ابتدائی دو میچز برسبین جبکہ تیسرا میچ سڈنی میں کھیلا جائے گا، اسی طرح سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بھی 24 جنوری کو سڈنی میں ہی کھیلا جائے گا۔
باقی دونوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 27 اور 29 جنوری کو کینبرا میں کھیلے جائیں گے،ترجمان کے مطابق آئی سی سی ویمنز چیمپئن کے تین سالہ سائیکل میں پاکستان ویمنز ٹیم کو آسٹریلیا کے علاوہ انگلینڈ، بنگلہ دیش اورنیوزی لینڈ کے دورے بھی کرنے ہیں۔





































