
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں زبردست اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان غالب آگیا اور کے
ایس ای100انڈیکس 335.49پوائنٹس کی کمی سے 39788.73پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ58.41فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو45ارب روپے 85کروڑ48لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اور کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت19.46فیصد کم رہا۔
منگل کو کاروباری کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے سبب ٹریڈنگ کے ابتدائی اورقات میں کے ایس ای100انڈیکس 40444پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کے نتیجے میں تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور مارکیٹ منفی زون میں داخل ہوئی یہاں تک کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 39725پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔
معمولی ریکوری بھی دیکھنے میں آئی لیکن مندی کے اثرات ختم نہ ہوسکے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 335.49پوائنٹس کی کمی سے 39788.73پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 183.66پوائنٹس کی کمی سے18204.21پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 152.72پوائنٹس کی کمی سے 28118.73پوائنٹس ہو گیا۔
مجموعی طور پر392کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے154کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،229میں کمی اور9کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 45ارب روپے 85کروڑ48لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم کم ہو کر75کھرب82ارب 93کروڑ68لاکھ روپے ہو گیا۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے نیسلے پاکستان کے بھاومیں 324.50روپے کا اضافہ ہوا جس سے اس کی حصص قیمت 6814.50روپے ہو گئی اسی طرح 97.46روپے کے اضافے سے باٹا پاک کے حصص کی قیمت2048.47روپے پر جا پہنچی تاہم رفحان میظ اور کولگیٹ پامولوکے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب100روپے اور90روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں رفحان میظ کے حصص کی قیمت کم ہو کر6900روپے اورکولگیٹ کے حصص کی قیمت کم ہو کر1890روپے پر آ گئی۔




































