
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک بھر میں صحت کی سہولتیں غریب عوام کی پہنچ سےمزید دور ہونےلگیں۔ جون 2025 کے دوران تمام میڈیکل خدمات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
ریکارڈ کیا گیا۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں سال صحت کے شعبےمیں سالانہ بنیادوں پر 12.63 فیصد تک مہنگائی ہوئی ہےجس نےغریب اور متوسط طبقے کے لیے علاج معالجہ کو مزید دشوار بنا دیا۔
دستاویزات کے مطابق جون کے مہینے میں مجموعی طور پر صحت سہولیات کی قیمتوں میں 0.99 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ادویات کی قیمتوں میں ماہانہ 0.63 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 15.30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈاکٹرز کی کلینک فیسوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا جون میں ان فیسوں میں 1.32 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایک سال کے دوران کلینک فیسیں 12.80 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں۔
ڈینٹل سروسز جون میں 1.54 فیصد جبکہ سالانہ 26.66 فیصد مہنگی ہوئیں، جو کہ صحت کے شعبے میں سب سے زیادہ اضافہ تصور کیا جا رہا ہے،مزید براں، میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں جون کے دوران 1.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ ٹیسٹ 6.99 فیصد مہنگے ہوچکے ہیں۔
اسپتالوں میں فراہم کی جانے والی بنیادی سہولتیں بھی جون میں 1.27 فیصد مہنگی ہوئیں اور سالانہ سطح پر ان میں 8.30 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان جاری رہا تو عام آدمی کے لیے علاج معالجہ اور صحت کی بنیادی سہولیات کا حصول مزید مشکل ہو جائے گا،حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ صحت کا شعبہ عوام کیلئے قابلِ رسائی اور مؤثر رہ سکے۔




































