
کراچی ( انٹرویو : زین صدیقی ) آرگنائز یشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر
محمودحامد نے کہا کہ تاجر 15اپریل کو دکانیں کھولیں گے ۔کاروبار کھولنے کیلئے حکومتی پیرامیٹر پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں ۔لاک ڈاو¿ن میں توسیع سے ایک کروڑ محنت کش بے روزگار ہوں کے اوریہ بڑا معاشرتی المیہ ہوگا ۔
یہ بات انہوں نے” رنگ نو“ سے خصوصی گفتگو میں کہی۔محمود حامد نے کہا کہ کاروبار کی بند ش سے تاجر طبقہ پریشان ہو گیا ہے ۔معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے ۔ایسے میں ملزمالکان کو محنت کشوں کو اجرت دینا مشکل ہوگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں نے لاک ڈاو¿ن میں اپنی حیثیت کے مطابق کمزور اور سفید پوش طبقے کی مدد کی ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملوں اور فیکٹریوں سے ملازمین کو نکا لنا ظلم ہے ،اس میں ملزمالکان نے تھوڑی جلد بازی کی ہے ۔
محمود حامد نے کہا کہ کاروباری طبقہ لاک ڈاو¿ن میں توسیع نہیں چاہتا۔احتیاطی تدابیر کے ساتھ دکانیں اورکاروبار کھولا جا سکتا ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کوئی پیکیج نہیں ملا ،وزیر اعظم عمران خان صاحب نے اعلان تو کیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم تاجروں کو فوری مراعاتی پیکیج دیں ۔
محمود حامد نے ایک سوال پر کہاکہ کے الیکٹرک مافیا ہے ۔نہیں معلوم اس کمپنی کا مالک کون ہے ۔اس کے ملازمین کو ہرما ہ پیسہ جمع کرنے کا ٹاسک دیا جاتا ہے اور یہ وہ پیسہ عوام کی جیبوں سے نکالتی ہے ۔اس کیلئے عدالتی کمیشن بننا چاہیے ۔




































