
اسلام آبا د(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )نگران حکومت نے نئے سال میں بھی غریب عوام کو سکھ کا سانس نہ لینے کاعندیہ دے دیا ہے ۔2024 کے
آغاز پر گھریلوصارفین کیلئے گیس بم گرانے کی تیاری مکمل کرلی،صارفین سے 232 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ نگران حکومت نے اوگرا کو گھریلو صارفین سے گیس قیمتیں بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے ،گھریلو گیس صارفین سے یکم جنوری 2024سے 232ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ تیارکیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل نے ایل این جی کی لاگت صارفین سے وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،قانونی فریم ورک کی عدم موجودگی کے باعث آر ایل این جی کی قیمت گھریلو صارفین سے وصول نہیں کی جاسکتی تاہم نگران حکومت نے اوگرا کو گھریلو صارفین سے 232ارب روپے وصول کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ رواں سیزن کے دوران 70ارب روپے کے مزید واجبات بھی وصولی کی ہدایت کی گئی ، ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے ایس ایس جی سی کو اضافی ادائیگیوں سے روک دیا ہے۔
نگران حکومت ویکوگ بل کو مرحلہ وار نافذ کرنا چاہتی ہے،صنعتوں سے گھریلو صارفین تک توسیع دینے کی خواہاں ہے،ویکوگ بل کے عدم عملدرآمد سے کمپنیاں ایل این جی کی قیمت گھریلو صارفین سے وصول نہیں سکیں گے،ایل این جی کی قیمتوں کی مکمل عدم وصولی دونوں گیس کمپنیوں کی معاشی حالت کمزور کرے گی۔گردشی قرضوںکم کرنے کیلئے حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 139فیصد کا اضافہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انرجی سیکٹر کا بلاسود گردشی قرضہ ساڑھے چار کھرب روپے ہے، جس میں سے گیس سیکٹر کا حصہ 2کھرب دوسو ارب روپے ہے جبکہ پاور سیکٹر کا قرضہ 2کھرب تین سو ارب روپے ہے، فرٹیلائزر سیکٹر کو 1239فی ایم ایم بی ٹی یو کے ریٹ پر فراہم کی جارہی ہے ۔




































