
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نےکوریئر کمپنیوں کے نمائندے بن کر شہریوں کو دھوکا دینے والےافراد کے خلاف کارروائی کا آغازکردیا ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق، شہریوں کو ایسی جعلی کالز اور پیغامات سےمحتاط رہنے کی ضرورت ہے جن میں خود کو کوریئر سروس کا نمائندہ ظاہر کر کے ویریفکیشن کوڈ طلب کیا جاتا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں ایس ایم ایس یا میسجنگ ایپس پر موصول ہونے والا کوڈ کسی کےساتھ شیئر نہ کیا جائے، کیونکہ یہ کوڈ آپ کے ذاتی اکاؤنٹس یا ڈیجیٹل شناخت کو ہیک کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ مستند کوریئر کمپنیاں پارسل کی ترسیل کے لیے صارفین سے کبھی بھی ویریفکیشن کوڈ یا ذاتی معلومات طلب نہیں کرتیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک پیغام یا کال پر فوری ردعمل دینے سے گریز کریں اور پہلے اس کی صداقت کی مکمل تصدیق کریں۔ پی ٹی اے شہریوں کو ڈیجیٹل فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔




































