
اسلام آباد( ویب ڈیسک )وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں بالاکوٹ کے قریب مبینہ دہشتگردی کیمپ کو نشانہ بنانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان نے مناسب وقت
اور جگہ پر بھارتی مہم جوئی کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرخارجہ ، وزیر دفاع، وزیر خزانہ ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کے شرکا نے بالاکوٹ کے قریب دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے پر حملے کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا۔اجلاس میں بھارت کی طرف سے بھاری جانی نقصان کا دعوٰی بھِی بےبنیاد قرار دے دیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ کسی مبینہ دہشت گرد کیمپ کو بالاکوٹ کے قریب نشانہ نہیں بنایا گیا،مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سمیت پوری دنیا اس جگہ کا معائنہ کرسکتی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ الیکشن میں بھارتی عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھارتی حکومت نے خطے کے امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا، بھارت نے یہ کارروائی اپنے انتخابی ماحول کو سامنے رکھ کر کی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا بھارت نے بلاجواز جارحیت کا آغاز کیا ہے جس کا جواب پاکستان اپنے منتخب کردہ وقت اور مقام پر دے گا۔
حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے 27 فروری کو قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔وزیراعظم نے مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
جلاس میں پاکستان کی جانب سے معاملے پر عالمی رہنماؤں کو بھِی بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کے بارے میں آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعظم نے بھارتی کوشش کے جواب میں کسی جانی یا مالی نقصان کے بغیر پاک فضائیہ کے بروقت اور موثر رد عمل کو سراہا۔




































