
بہاول پور( ویب ڈیسک )ُچیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام
کے معاشی حقوق چھینے ہیں۔ ہمارا وزیر اعظم کٹھ پتلی وزیر اعظم ہے، جس نے 2018 ءکے الیکشن میں عوام کے ووٹ چوری کیے رات کے اندھیرے میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جب سے یہ ظالم حکومت آئی ہے عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اوچ شریف میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس نااہل حکومت نے عوام دشمن بجٹ عوام کے لیے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے لیے منظور کرایا اور اس بجٹ نے عوام کا جینا مشکل کر دیا یہ کیسے ممکن ہے کہ آئی ایم ایف یہ فیصلہ کرے کہ پاکستان کا وزیر خزانہ ،گورنر اسٹیٹ بنک اور ایف بی آئی کا سربراہ کون بنے گا اس کٹھ پتلی وزیر اعظم نے عوام کے حقوق پر سمجھوتہ کرکے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا ،مگر جب سے یہ حکومت آئی ہے ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے بجلی،گیس مہنگی ہو گئی ڈالر بھی اڑان بھرنے لگا اس نااہل حکومت نے امیروں کے اربوں روپوں کے لیے ٹیکس اایمنسٹی سکیم شروع کی کسانوں کی سبسڈی ختم کی جس کے باعث آج کسان برباد ہو چکا ہے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ غریب دشمن اور زراعت دشمن حکومت ہے جس کو عوام نہیں مانتی کیونکہ اس عوام نے ہمیشہ عوامی حکومت منتخب کی ہے۔بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اپنے دور حکومت میں بڑے زمینداروں سے زمین چھین کر غریب کسانوں کو دی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھجوایا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آج نااہل حکومت کی وجہ سے ملک بھر میں ڈاکٹرز،تاجر،اساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کا احتجاجی مارچ اسلام آباد میں دھرنا دے رہا ہے، اس کٹھ پتلی حکومت کے ستائے عوام ملک بھر سے اسلام آباد میں اکٹھے ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری اور پرامن سیاست کی ہے گزشتہ دس سالوں میں دھرنے کی سیاست نہیں کی ہم نے مولانا فضل الرحمن کے جلسہ میں شرکت کی اگر دھرنا میں شرکت کرنا پڑی تو اس کے لیے کارکنان اجازت دے گے ہماری کور کمیٹی اجازت دے گی ۔




































