ریاض (ویب ڈیسک) امام کعبہ شیخ عبداللہ بن سلیمان المنیع نے کہا ہے کہ دنیا کی مشکلات اللہ رب العزت کی طرف سے بندوں کا امتحان
ہے، اللہ کے حکم سے ہی مصیبتیں آتی ہیں اور دور ہوتی ہیں، مشکلات دائمی نہیں، اللہ پاک کا فرمان ہے کہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے، اللہ ہر چیز کا خالق ہے اور اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے،۔
اہل تقوی کی اولین صفات ہیں کہ صبر کیا جائے اور سیدھے راستے پر چلنے والوں کیلئے ہی نجات ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کیلئے ضروری ہے کہ ہر طرح کی بدعت اور خرافات سے دور رہیں، اللہ تعالی انسان کیلئے مشکل نہیں بلکہ آسانی چاہتا ہے، عقیدہ ہونا چاہیے کہ جب وباء آتی ہے تو اللہ ہی اس سے نجات فرمائے گا، وباء پھیل جائے تو انسان کو دوسرے علاقے میں نہیں جانا چاہیے۔
جمعرات کو مسجد نمرہ سے امام کعبہ شیخ عبداللہ بن سلیمان المنیع نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ وحدہ لاشریک ہے اُس کے سوا کوئی معبود نہیں اور حضرت محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، اللہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے اور اللہ نے تمہارے لئے ایسے رسولﷺ کو چنا ہے جسے تم سب بہت عزیز ہو، ان پر اللہ کی طر ف سے درود بھیجو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اہل تقوی کو وصیت کی ہے کہ بے شک جوکچھ بھی زمین میں ہے اللہ کے لئے ہیں اوروہ ذات تما م معاملات کو جانتی ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ اللہ کی ذات ہر مصیبت اور پریشانی کو دور کرسکتی ہے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہم انسانوں کو اتنی نعمتوں سے نوازا اور جو شخص تقوی اختیار کرتا ہے رب العزت اس کے لئے راستہ نکالتا ہے،تم سب اپنے رب کی اطاعت کرو اور گناہوں سے دور رہو، دعاؤں کے ذریعے سے اللہ کا قرب حاصل کرو۔ امام کعبہ نے کہا کہ اللہ رب العزت کے سواکسی کی اطاعت نہ کی جائے وہی عبادت اور اطاعت کے لائق ہے۔