
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت
نہیں بلکہ کرپشن کرنا ہے، ان لوگوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران اداروں میں اپنی پسند کے لوگوں کی تقرری کی جنہوں نے بدعنوانی میں ان کی سہولت کاری کی، صرف فوج ہی وہ واحد ادارہ ہے جو ان کے ذاتی مفادات میں استعمال نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اسی نظام کے تحت تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے، اقتدار سے باہر ہونے کے بعد وہ نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف نے بے ساکھیوں کے ذریعے سیاسی سفر کا آغاز کیا، وزیراعظم عمران خان اقتدار کیلئے شارٹ کٹ راستہ استعمال نہیں کیا، 22 سال جدوجہد کے ساتھ اقتدار میں آئے ہیں، وہ تمام سیاسی قیادت کیلئے رول ماڈل ہیں اور وہ ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، وزیراعظم عمران خان احتساب کے معاملے پر بدعنوان عناصر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کریں گے اور نہ ہی این آر او دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خاص طور پر ن لیگ گرگٹ کی طرح رنگ بدلتی ہے، ایک طرف ملک میں حقیقی جمہوریت اور سول حکومت کے کام کرنے کے حوالے سے بات کرتی ہیں اور دوسری جانب عسکری قیادت سے ملاقات کرتی ہیں، اپوزیشن جماعتیں اسطرح کا منافقانہ رویہ ترک کریں۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں کمزور معیشت اور اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، یہ لوگ جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے اداروں کو نقصان پہنچایا۔




































