
کراچی(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا
ہے کہ جس دن ہماری قیادت کا حکم آیا ہم استعفے دے دیں گے،زیراعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے کی سائٹ جام صادق علی پل کا دورہ کیا اور اس تعمیراتی کام کا جائزہ لیا وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیر بلدیات ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی بھی موجود تھے،جبکہ وزیراعلیٰ کو منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی،ملیرایکسپریس وے کے پراجیکٹ انجنیئر پرویز امبانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روڈ کی الائنمنٹ مکمل ہوچکی ہے، ملیر ایکسپریس وے منصوبے کا ہائیڈرولوجیکل سروے بھی مکمل ہوچکا ہے، ملیر ایکسپریس وےمنصوبے کو ہائی فلڈ لیول سے اوپر رکھا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے منصوبے کی60 فیصد انوائرمینٹل اسٹڈی ہوچکی ہے، منصوبے کا60فیصد برج اسٹرکچر ڈیزائن مکمل ہوچکا ہے، ای بی ایم کے پاس انڈرپاس کی اسٹڈی مکمل ہوچکی ہے۔
وزیراعلیٰ کوبتایا گیا کہ لنک روڈ کے بعد منصوبہ کاٹھوڑ کے پاس ایم 9 سے منسلک ہوگا۔منصوبے کے لیے ڈیزائن، منظوری اور عملدرآمد حکمت عملی اہم ہیں، ابتدائی کام مکمل ہوچکے ہیں، حالیہ شدید بارشوں کے بعد منصوبے کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں وفاقی حکومت سے کم امید ہے،اسی وجہ سے ہم نے اپنے میگا منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کئے،تھر کے بعد یہ بہت اہم منصوبہ ہے جو پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت شروع کررہے ہیں،منصوبے کا سنگ بنیاد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کریں گے۔
پی ڈی ایم جماعتوں کی جانب سے استعفوں کی بازگشت سے متعلق سوال پرانہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مختلف پارٹی ہے، جس دن ہماری قیادت کا حکم آیا ہم استعفے دے دیں گے،وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ کچھ مہینوں میں مزیدپراجیکٹ شروع ہوجائیں گے، ان میں سے کچھ پراجیکٹ ان1100ارب روپے میں شامل ہیں، آئی سی آئی برج کاپروجیکٹ900ملین کاپروجیکٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر رائیڈرشپ کم ہونے اور زیادہ وقت لینے کے باعث بند ہوئے، کراچی کو ایک جدید کے سی آر چاہئے جو کراچی والوں کا حق ہے۔




































