
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) قومی احتساب بیورو (نیب)نے 179 میگا کرپشن مقدمات کے منطقی انجام
کے حوالے سے بعض میڈیا رپورٹس کی تردید کر دی۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اور بد عنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقو م کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔
نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714ارب روپے بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جبکہ نیب چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی قیاد ت میں گذشتہ تین سالوں میں بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے487ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جو کہ دوسری انسداد بد عنوانی کے اداروں کے مقابلہ میں بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیب کے اس وقت 1230بد عنوانی کے ریفرنس ملک کی مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ جنکی تقریباً مالیت3 94 ارب روپے ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 63 میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچا یا گیاجبکہ 95 بدعنوانی کے مقدمات احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی جلد سماعت کے لئے نیب نے احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 63 میگا کرپشن مقدمات جن کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے ان میں سے 12 میگا کرپشن کیسز میں مختلف احتساب عدالتوں نے ٹھوس شواہدا ور ثبوتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق مجموعی طور پرملزمان کو 4.364 ارب روپے کی سزاسنائی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ قانون کے مطابق 4 میگا کرپشن مقدمات میں ملزمان نے پلی بارگین کی جس کے ذریعے مجموعی طور پر 1.256 ارب روپے نیب نے ملزمان سے برآمد کرا کر قومی خزانے میں جمع کرائے۔ نیب نے قانون کے مطابق 2 مقدمات کو مزید کاروائی کے لئے متعلقہ اداروں کو بھجوایا گیا جبکہ ایک کیس کو پہلے سے جاری کیس میں ضم کر دیا گیا




































