
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آئین کی
تشریح کیلئے سب سے مناسب فورم ہے،ہم نے اپنی درخواست عدالت عظمیٰ میں پیش کی ہے، جو بھی فیصلہ ہوگا، ہم اس کا احترام کریں گے۔اپوزیشن آج بھی کرپٹ پریکٹسز کو تحفظ دینا چاہتی ہیں۔وکلا کو اپنے موقف کے اظہار کیلئے قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔
منگل کو ملک کی مجموعی سیاسی و علاقائی صورتحال کے حوالے سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں عدالت عظمیٰ کا بے حد احترام ہے اور یہ آئین کی تشریح کیلئے سب سے مناسب فورم ہے۔ہم نے اپنی درخواست عدالت عظمی میں پیش کر دی ہے وہ جو بھی رہنمائی فرمائیں گے ہم اس کا احترام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو ہی راستے تھے - ایک یہ کہ ہم آئنی تشریح کیلئے عدالت کا رخ کریں ،دوسرا راستہ یہ تھا کہ ہم آئین میں ترمیم کیلئے آگے بڑھیں کیونکہ ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون جو پہلے جمہوریت کا راگ الاپتے رہے اوپن ووٹنگ کا مطالبہ کرتے رہے آج اپنے وعدوں سے منحرف ہوتے دکھائی دے رہے ہیں ،وہ آج بھی کرپٹ پریکٹسز کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔اپوزیشن کنفوژن کا شکار ہے ۔پی ڈی ایم کے مفادات ایک طرف ہیں اور ان کی سیاست دوسری طرف ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی،اسپیکر چیمبر میں ہماری نشستیں ہوئیں ہم نے اپوزیشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کے مطابق موقع فراہم کیا۔اگر یہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر یقین نہیں رکھتے تو وضاحت کر دیں کہ ان کے مفادات، چارٹر آف ڈیموکریسی کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے
۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وضاحت کی ہے کہ انہیں بلا وجہ سیاست میں نہ گھسیٹا جائے ۔ایک طرف وہ مغربی سرحد پر دہشتگردوں سے نبرد آزما ہیں تو دوسری جانب وہ بلوچستان میں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والوں سے برسر پیکار ہیں۔




































