
لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس چیئرمین سینیٹ کوچیلنج
کیا،اسی کے پاس عرضی لے گئے، یوسف گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے درخواست سے پی ڈی ایم کو دھچکا لگا، پیپلزپارٹی کیلئے سینیٹ کے اپوزیشن لیڈرکا عہدہ ناگزیر تھا تو نوازشریف کوبتاتے وہ یہ عہدہ خوشی سے پیپلزپارٹی کو دے دیتے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے اعظم نذیر تارڑ کی حمایت کا اعلان کیا، 27 سینیٹرز ان کی حمایت کرچکے ہیں۔ پی ڈی ایم کے مقاصد کے ساتھ بےوفائی کرنے والا بڑی قیمت ادا کرے گا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا معاملہ پی ڈی ایم اجلاس میں رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں 72 سال سے چلنے والا میوزیکل چیئرکا کھیل ختم ہو، پی ڈی ایم پاکستان کے 22 کروڑعوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ نیب قومی اداروں کیخلاف بیان پر ایکشن لے سکتا ہے، نیب ایس او پیز کی خلاف ورزی پروزیراعظم کونوٹس جاری کرے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ لیا گیا، اس سے اپوزیشن اتحاد کو دھچکا لگا ہے اس طرح کی مشکوک ٹرانزیکشن پی ڈی ایم کے اغراض و مقاصد کی شفاف سیاست کیلئے میرے خیال میں مناسب نہیں ہے ، ایسا نہیں کیا جانا چاہیے تھا ۔




































