
لاہور : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کچھ عناصر جان بوجھ کر اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان
دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات افسوسناک اور غیر ضروری تھے، جبکہ بعض لوگ حالات کو خراب کرنے کے لیے ماحول کو کشیدہ بنانا چاہتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کی خواہش ہے کہ اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان غلط فہمیاں برقرار رہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ ان کے مطابق پارٹی ہمیشہ بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی حامی رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ملک میں استحکام قائم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اداروں کے کردار کو سراہتی ہے اور مضبوط فوج کو پاکستان کی سلامتی کی ضامن سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پارٹی کا مؤقف ہمیشہ واضح اور غیر متنازع رہا ہے۔
اس سے قبل بیرسٹر گوہر نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ملک کسی بھی قسم کے انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بعض سخت بیانات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے دشمن محاذ آرائی چاہتے ہیں، جبکہ سیاست میں تصادم کے بجائے باہمی تعاون سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔





































