
راولپنڈی: تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی بہنوں کے حالیہ متنازع
بیانات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی کی پالیسی نہیں بلکہ ان کا ذاتی موقف ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان سے ملاقاتیں باقاعدگی سے ہوتی تھیں اور معاملات چند گھنٹوں میں طے پا جاتے تھے، مگر اب ملاقاتیں ریاست کی منشا کے مطابق محدود کر دی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا حق ہے کہ ان کے بیٹے ان سے ملاقات کریں، لیکن ان کی بیٹیوں کو مقدمات کے باوجود اجازت نہ دینا قانونی اور اخلاقی اصولوں کے خلاف ہے۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق ملاقاتیں روکنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ذمہ داری ریاست کے کچھ حلقوں پر عائد ہوتی ہے، جبکہ یکجہتی کے لیے آنے والوں کو نہیں روکا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ہزاروں، لاکھوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس ان کے کنٹرول میں نہیں، اس لیے ان کی ذمہ داری قیادت پر نہیں ڈالی جا سکتی۔گفتگو کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان اور ان کی بہنوں کے بیانات پارٹی لائن کی نمائندگی نہیں کرتے۔ “ہم کوئی سینسر بورڈ نہیں، جو وہ کہتے ہیں وہی عوام تک پہنچتا ہے،” انہوں نے کہا۔





































