
اسلام آباد (ویب ڈیسک )مسلم لیگ( ن) نے اعلان کیا ہے کہ لانگ مارچ کا آغاز26مار چ
کو ہو گا ،کارکنوں کو ہر صورت 30 مارچ دوپہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔یہ فیصلہ مسلم لیگ(ن)کے جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری جنرل(ن)لیگ احسن اقبال نے لانگ مارچ بارے شیڈول جنرل کونسل کے سامنے پیش کردیا ۔پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے اور 30 مارچ تک یہ قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ۔صوبوں اور اضلاع کے عہدیداران اپنا شیڈول خود مرتب کریں گے ۔ٹکٹ ہولڈرز، ایم این ایز اور ایم پی ایز اگلے دس روز میں ہر حلقے کم سے کم پانچ جلسوں کا انعقاد کرے گا ۔ہر صوبہ کے ہر حلقے میں دس رکنی فعال لانگ مارچ کمیٹی تشکیل دی جائینگی۔
ہر صوبائی حلقے سے 500 افراد کا لانگ مارچ کے لئے قافلہ شریک ہوگا اور وہ مکمل طور پر تیاری کے ساتھ آئے گا ۔مرکزی اور صوبائی عہدیداروں پر مشتمل موثر مانیٹرنگ سسٹم مرتب کیا جائے گا جو رپورٹس لے گا ۔مرکزی تنظیموں کے ساتھ ساتھ خواتین، علما، تاجر سمیت تمام ونگز اپنا جلوس مرتب کرینگے ۔صوبائی اور ڈویڑنل صدور ان ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائینگے۔
جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا آج کا اجلاس نہایت اہم موضوع پر بلایا گیا ،انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن)پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تاریخی جدو جہد کر رہی ہے، احسن اقبال نے کہا پی ڈی ایم کی تحریک آخری مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، انہوں نے کہا 28 جولائی 2017 کو ہمارے قائد کو عدالتی فیصلے کے زریعے نااہل قرار دیا گیا، چند لوگوں نے نواز شریف کو نااہل کرا کر سوچا مسلم لیگ(ن)دب جائے گی۔ عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے کو عدالتی فیصلوں سے معزول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا آج مسلم لیگ(ن)ضمنی الیکشن جیت رہی ہے۔مسلم لیگ(ن)پنجاب سے نکل کر نوشہرہ کی سیٹ بھی جیت گئی ہے۔ آزاد کشمیر سے بھی مسلم لیگ(ن)جیتے گی، انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی دھڑے بندی کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔




































