
کراچی(ویب ڈیسک ) کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کو 30 دن مکمل ہو گئے، جس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 93
ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق جدید کیمروں کی مدد سے سب سے زیادہ 57 ہزار 541 چالان سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر کیے گئے، جبکہ ہیلمٹ نہ پہننے پر 22 ہزار 227 موٹر سائیکل سواروں کو چالان کیا گیا۔
ڈمپر، ٹریلر اور واٹر ٹینکرز میں نصب ٹریکرز کے ذریعے تیز رفتاری کے 1 ہزار 188 چالان جاری کیے گئے، جب کہ دیگر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے 2 ہزار 699 چالان سامنے آئے۔ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 102 گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔اسی طرح فینسی نمبر پلیٹس رکھنے والی 1 ہزار 278 گاڑیوں اور رنگین شیشے استعمال کرنے والی 1 ہزار 178 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 611 جبکہ رانگ وے پر گاڑی چلانے پر 426 چالان جاری ہوئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر مجموعی طور پر 57 کروڑ 54 لاکھ 10 ہزار روپے، ہیلمٹ نہ پہننے پر 11 کروڑ 11 لاکھ 35 ہزار روپے اور رنگین شیشے استعمال کرنے والی گاڑیوں پر 2 کروڑ 94 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس سے شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔





































