
اسلام آباد(ویب ڈیسک،فوٹو:فائل) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے 8 اگست کوئٹہ کو خراج عقیدت پیش
کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سانحہ 8 اگست کوئٹہ کی چوتھی برسی پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم اس سانحے کو کبھی نہیں بھولے گی، جس میں 50 سے زائد وکلاء شہید ہوئے۔
انسانیت و تہذیب کے دشمنوں نے اس سانحے کے ذریعے انصاف کی فراہمی کے نظام کے ایک اہم حصے کو نشانہ بنایا۔جسٹس قاضی عیسیٰ کمیشن پر عدم عملدرآمد سانحے کے شہداء اور ان کے ورثا سے صریحاً ناانصافی ہے۔شہداء کے ورثاء اور سانحے میں زخمی ہوکر معذور ہونے والوں کے متعلق حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کا مشن جاری رکھیں گے۔وکلاء برادری سمیت پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں، آئین و قانون کی بالادستی کے لیئے مرتے دم تک جدوجہد کریں گے۔




































