
لکی مروت : خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو اہم کارروائیاں
کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ٹانک میں کی گئی جہاں فتنۃ الخوارج کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔اسی سلسلے میں دوسری کارروائی لکی مروت میں عمل میں آئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر فوری ردِ عمل دیتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید اسلحہ و بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے تمام دہشتگرد بھارتی حمایت یافتہ تھے اور مختلف دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ ترجمان کے مطابق ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس نوعیت کی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کامیاب کارروائیوں سے خیبر پختونخوا میں امن قائم کرنے کے عزم کو مزید تقویت ملی ہے۔ تینوں رہنماؤں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔





































