
کراچی(ویب ڈیسک ) محکمہ تعلیم سندھ نے پابندی کے باوجود کھلنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کرتے
ہوئے کراچی کے 5 نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی۔حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کے باوجود کئی علاقوں میں نجی اسکول کھولے گئے۔
رجسٹرار پرائیویٹ اسکول رفیعہ جاوید کے مطابق انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں اسکولوں کا دورہ کیا جن کے کھلنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔رجسٹرار کے مطابق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی ہے، ساتھ ہی سیکرٹری تعلیم کو ان اسکولوں کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
رفیعہ جاوید کا کہنا ہے کہ اب تک مختلف کارروائیوں میں سات اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی جا چکی ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سندھ سمیت دیگر صوبوں میں تعلیمی سرگرمیاں 5 اپریل تک معطل ہیں۔





































