
کراچی(ویب ڈیسک ) وزیر تعلیم ومحنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر کے تمام تعلیمی
اداروں میں تعلیمی سال کا آغاز جون میں ہوگا جبکہ کلاس پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات یکم جون تا 15 جون جبکہ نویں اور میٹرک کے امتحانات 15 جون سے ہوں گے۔ صوبے میں گیارہوں اور بارہویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے شروع ہوں گے جبکہ سیکنڈری اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات شام کے اوقات میں ہوں گے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں ان امتحانات کے سینٹرز کے باعث متاثر نہ ہوں۔
معزز عدلیہ کے فیصلے کے مطابق نجی اسکولز ماہانہ فیس وصول کرنے کے مجاز ہیں لیکن وہ ایک ساتھ دو یا تین ماہ کی فیس وصول نہیں کرسکتے البتہ عدلیہ کے فیصلے کے بعد والدین ان اسکولوں کو 12 ماہ کی فیس دینے کے پابند ہیں۔ محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے یہ فیصلے 30 مئی تک کی تعطیلات کے بعد ازسر نو کئے گئے ہیں البتہ اگر خدانخواستہ اس دوران بھی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو ان میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےروز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سندھ سید خالد حیدر شاہ، سیکرٹری کالجز سندھ محمد رفیق بروڑو، ایم ڈی ایس ای ایف قاضی کبیر، سیکرٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران، پرائیویٹ اسکولز کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، ماہرین تعلیم اور دیگر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ ہم نے تعلیمی ادارے 16 مارچ سے کھولنے کا حتمی فیصلہ کرلیا تھا تاہم جب ہم نے مکمل تیاریاں کی اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے بھی اس کی رضامندی ظاہر کی تھی لیکن اچانک ایک کیس ایسا سامنے آیا جس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کی ٹاسک فورس کے ان لوگوں نے جنہوں نے ایک روز قبل تعلیمی اداروں کو کھولنے کی رضامندی ظاہر کی تھی وہ بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوئے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے اس کو کابینہ میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور کابینہ میں مشاورت کے بعد طے پایہ کہ ہمیں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا رشک نہیں لینا چاہیے اور یہ فیصلہ آج ہمارا درست ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کو ان چھٹیوں سے مشروط کرکے تمام تعلیمی اداروں کو 30 مئی تک بند کردیا اور اب یہ تمام تعلیمی ادارے یکم جون 2020 سے کھل جائیں گے۔





































