
صباحت شمیم
سن 1947 میں جو پاکستان جناح نےآزاد کروایا تھا، جس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا، جس پاکستان کے لیےلوگوں نے
قربانیاں دیں تھیں، آج سخت افسوس کے ساتھ یہ بتانا پڑ رہا ہے ، کہ آپ کا پاکستان وہ پاکستان رہا ہی نہیں یہ 78 سال پہلے والا پاکستان ہے ہی نہیں کہ جہاں دس مرد کریانے کی دوکان پر صفوں میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہوتے اور دور سے عورت کو آتے دیکھ اپنی صف کو چھوڑ کر عورت کو جگہ دیتے تھے، یہ وہ پاکستان رہا ہی نہیں کہ جہاں بس میں سوار اگر کوئی عورت کھڑی ہو تو مرد اپنی جگہ چھوڑ کر عورت کو جگہ دیتے تھے.
یہ میرا وہ پاکستان تھا جہاں زمانے کی آنکھ میں حیا تھی، جہاں دوسروں کی بہن بیٹی کوآنکھ اٹھا کردیکھنے پر شرفا سے شرفا تک کی آنکھیں نوچ لی جاتی تھی، دوسروں کی بہن بیٹیوں کو اپنی بہن بیٹیوں سی عزت دی جاتی تھی،
اور اب روشنی ڈالتے ہیں تاریخی میں ڈوبتے اس پاکستان پر تو اب کا پاکستان وہ پاکستان ہے کہ جہاں عورت اپنے ساتھ اپنا محافظ لے کر نکلنے پر بھی محفوظ نہیں، اب کا پاکستان وہ پاکستان ہے کہ جہاں اپنی بہن بیٹی کے علاوہ دوسری ہر لڑکی کو محض گوشت کا ٹکڑا سمجھا جاتا ہے، اب کا پاکستان وہ پاکستان ہے کہ جہاں ایک عورت اکیلے اپنے بچوں کو لے کر باہر نکلے تو اُسے اُس کے بچوں کے سامنے زندہ درگور کیا جاتا ہے،اس کی عزت کو پامال کیا جاتا ہے ، حتٰی کہ وہ اپنے بچوں کےسامنےاپنے ظالموں سے موت کی بھیک مانگتی ہے
اب کا پاکستان وہ پاکستان بن گیا ہے جہاں نہ تو جوان لڑکی اپنے گھر میں، نہ معذور بچی گھر کے باہر، نہ ہی بوڑھی عورت ، نہ ہی مرنے کے بعد مرحوم اپنی قبر میں بھی محفوظ ہے.
کیونکہ حیا نہیں ہے زمانے کی آنکھ میں باقی
اور اس بدفعلی میں سب سے بڑا کردار ہمارے معاشرے کے شریف لوگ ادا کر رہے ہیں ، جو دوسروں کی بہن بیٹیوں کے ساتھ ظلم ہوتا دیکھ بجائے انہیں تحفظ دینے کے ان پر بد چلن ، بے حیا، اور نہ جانے کون کون سی تہمتیں لگا دیتے ہیں .
دو مردوں کے درمیان آج کل موضوعِ گفتگو ہی دوسروں کی بہن بیٹیاں ہوتی ہیں اور خود کو وہ معاشرے کے شُرفاؤں میں شریک کرتے ہیں
آپ اپنے آپ کو ہم سے چھپائیں گے کب تک؟
یا یوں کہے کے نقاب گرائیں گے کب تک.؟
سامنے انسان اور چھپ کے شیطان بن بن کر،
تماش گاہ میں یہ کرتب دکھائیں گے کب تک.؟
کب تک ہوگا عزتوں کا ناجائز قتل،
لٹیرے شُرفاؤں میں گِنے جائیں گے کب تک.؟
کب تک عورت ہی بُری کا لگے گا نعرہ.؟
شریکِ جرم بھی قفس میں آئیں گے کب تک.؟
لیکن یہاں بات نہ تو عورت کی ہوگی اور نہ ہی مرد کی ہوگی، یہاں بات ہوگی تو پورے ابنِ بشر کی ہوگی
کیونکہ حیا نہیں زمانے کی آنکھ میں باقی
سن آسمان ہے وہ جسے تو پَست سمجھتی ہے،
کمزوری ہے وہ جس کو تو طاقت سمجھتی ہے،
کیا لفظ آزادی کا تو مطلب سمجھتی ہے.؟
شاھین کی اور گدھ کی کیا فطرت سمجھتی ہے.؟
قیمتی جواہر کو رکھتی ہے تو محفوظ،
پر ہیرے جیسے حسن کو مفت سمجھتی ہے.؟
تیرے اور رب کے بیچ جو دیوار اٹھائے،
اس ابلیسی حوس کو الفت سمجھتی ہے.؟
سرِ عام اپنے آپ کو شایع کر کر کے،
اس خود پرستی کو تو شہرت سمجھتی ہے.؟
جو قبر میں مری ہوئی لاش تک نہ چھوڑے،
کیا ایسے درندوں کی نیت سمجھتی ہے.؟
خوابِ خرگوش سے باہر نکل کے دیکھ،
اک عارضی دنیا کو تو جنت سمجھتی ہے.
اس دنیا میں موجود 195 ممالک میں تقریباً 45 اسلامی مملکت کی عورتیں اپنے حجاب کو لے کر احتجاج کر رہی ہیں چونکہ ان کے حجاب لینے پر ان کی مملکت کی ریاست نے پابندی عائد کی ہے، جس کی بنا پر عورتیں سڑکوں پر نکل کر اپنے حق کے لیے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
اور اگر بات کی جائے ہمارے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی تو ہمارے وطن کا دارومدار ہی اسلامی طرزِ عمل پر رکھا گیا ہے، جہاں شرعی طور پر مسلمان مرد و عورت اپنی زندگی اسلام کے بتائیں اصولوں پر آزادی کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔
جس ملک کی عورتیں مکمل طور پر آزاد نہ ہو کر بھی اپنے حق کے لیے لڑ رہی ہیں تو یہاں اے بنتِ حوا ۔۔!
تُو آزاد ہو کر بھی خود کو قید سمجھتی ہے..؟؟؟
میرا کہنا ہے کہ اگر مرد اس بے حیائی کے جرم میں ملوث ہیں تو عورت بھی برابر کی شریک ہے۔
افسوس کے ہمارے اسلامی طرز عمل پر بنے ملک کی چند لبرل عورتیں، اپنے حقوق کے لئے عورت مارچ نکالتی ہیں ، جہاں حجاب اور عورت کے پردے کے خلاف احتجاج کیا جاتا ہے، اُن کا مطالبہ ہے کہ چاہے وہ بنا چادر، یا بنا لباس کے ہی کیوں نہ رہے لیکن ان کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہ دیکھا جائے...
میری پیاری بہن،
اگر سڑک زہریلے سانپ ہو سے بھری پڑی ہو تو کیا آپ اپنے لئے وہی راستہ منتخب کریں گی؟ یا اُس راہ سے دور رہیں گی؟
کیا گوشت کا ٹکڑا دکھا کر بھوکے درندوں سے یہ امید رکھی جا سکتی ہےکے وہ اپنی نگاہیں نیچے رکھیں اور تمیز دکھائیں ؟
کیا آپ کسی خونخار جنگل میں تنہا اطمینان سے بغیر ہتھیار ، بغیر حفاظتی لباس پہنے گھومنا محفوظ سمجھتی ہیں ؟
اگر نہیں تو خوب جان لیں کے انسانی رُوپ میں چھپے ہوئے وحشی جانور زیادہ خطرناک ہوتے ہیں اور ان سے کسی قسم کی بھلائی کی توقع رکھنا بیکار ہے.


































