
نازش مرتضی
ہاں لیکن اسےکہنا مجھےمعاف کردے بنتی کرنااس سےمیں جو 20 سال سےتیری خدمت کر رہا ہوں ۔تیرا گند صاف کررہا ہوں ۔
جب میں نے معاف نہیں کیا تو وہ کیسے معاف کردے ۔
بیٹے نے جواب دیا باتوں ہی باتوں میں ماں آنکھیں موند کر کرسی پر دراز ہو جاتی ہے اور بیٹا ماں کے منہ پر تکیہ رکھ کر اس کی زندگی کا خاتمہ کر دیتا ہے ۔
کیونکہ ماں نے اس کی بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا تھا یہ مناظر ہیں اے آر وائی پر نشر ہونے والے ڈرامہ'' نیلی زندہ ہے'' کہ جو کہ ایک مافوق الفطرت ہارر ڈرامہ سیریس ہے جو پچھلے چھ مہینے سے مسلسل تجسس سے بھرپور تھی آخر نیلی کے ساتھ ایسا کیا ظلم ہوا ہے جو یہ اس گھر میں رہنے والے تمام لوگوں سے مرنے کے بعد بھی مسلسل انتقام لے رہی ہے ۔
اول تو اس قسم کے ڈرامہ سیریلز کی پاکستانی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ۔
لیکن اس ڈرامے کی کہانی میں ماں کے کردار کو داغدار اور بدنما دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ماں اپنے بیٹے کی پسند کی شادی اور اس کی محبت کو قبول نہ کرنے کی کدورت میں کسی حد تک بھی جا سکتی ہے ۔
لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے ہمارے معاشرے میں میں ماں کا سایہ تو رحمت ہی رحمت تصور کیا جاتا ہے ماں کی لازوال قربانیوں کی کہانیاں نہ صرف ہماری تاریخ بلکہ ہمارے معاشرے میں بھی جا بجا پھیلی نظر آتی ہیں ۔
ماں تو وہ مقدس رشتہ ہے جس کے قدموں میں اللہ تعالی نے جنت رکھ دی ہے حدیث کا مفہوم ہے کہ اللہ نے ماؤں کی نافرمانی اور بدسلوکی کو حرام قرار دیا ہے ۔
میری ڈرامہ نویس اور پرائیویٹ ٹی وی چینلز سے مودبانہ گزارش ہے کہ آپ کے ذریعہ سے عوام کی ذہن سازی ہوتی ہے خدارا ہمارے ٹوٹتے ہوئے خاندانی نظام کو جوڑنے کی کوشش کیجئے نہ کہ ایسے ڈرامے بنائیں کہ جس سے خاندانی اور معاشرتی نظام مزید زبوں حالی کا شکار ہو اور نہ ہی مقدس رشتوں کے تقدس کو پامال کیا جائے ۔




































