
نازش مرتضی
ایک انسان کو معاشرےمیں رہنےاورمقام بنانے کےلئے بہت جدوجہد کرنی پڑتی ہے،اسی جدوجہدکا دوسرا نام حقوق اورفرائض کی
ادائیگی ہے،لیکن اگر ہم اپنےمعاشرے کےافراد اور اداروں کےکردارکا تجزیہ کریں تو ہمیں جابجا حقوق کی فراہمی کے مطالبے حق تلفی کا رونہ خواتین کےحقوق بچوں کےحقوق میڈیا کے حقوق اور نہ جانےکون کون سے حقوق کے مطالبات نظر آتے ہیں ہر کوئی اپنےحقوق نہ ملنےکا شکوہ کرتا نظر آتا ہے،لیکن کبھی یہ سوچا ہے کہ صرف حقوق حاصل کرلینا ہی معاشرے میں مقام بنانے زندگی گزارنے کے لیے کافی ہےنہیں کیونکہ حقوق کی فراہمی اس وقت تک ممکن نہیں ہوسکتی جب تک کہ ایک ہی فرد اپنے حقوق و فرائض دونوں سےاچھی طرح آشنانہ ہو ہمارے معاشرے میں حقوق دلانے اور حقوق کی بات کرنے والی اپنا حق چھین کر لینے والی اور اپنے حقوق کے لئے قانون میں ترامیم کرانے والی بہت سی تنظیمیں موجود ہیں۔
حال ہی میں گھریلو تشدد د کابل اسمبلی سےمنظور کروا کر ہماری نوجوان نسل کویہ پیغام دیا گیا ہے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں جیسے چاہو جیو....
معاشرے کے افراد میں فرائض سےآگاہی ،روایت و ثقافت،اخلاقی اقدار،اسلامی اقداراورشہری شعوریا سوک سینس کی تعلیم دینے والی بھی کوئی قابل ذکر تنظیم موجود نہیں ہے۔ اگرہیں بھی تو معاشرے میں اس کے اثرات بہت کم نظر آتے ہیں۔ یہاں تک کہ پڑھے لکھے افراد بھی ان سب چیزوں سےنابلدہیں اگرواقف بھی ہیں تو اس پرعمل نہیں کرنا چاہتے اور یہ کہا جاتا ہے کہ یہ پاکستان ہے یہاں سب چلتا ہے، لیکن اگر کوئی دوسرا فرد حق تلفی کرے تو برداشت کی حد ختم ہو جاتی ہے اور معاشرے میں انتشار کی فضا بن جاتی ہےجوہمارے معاشرے میں واضح طور سےدیکھی جا سکتی ہے ۔چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑائی جھگڑے عدم برداشت یہاں تک کہ قتل بھی عام سی بات ہےاس کی چھوٹی سی مثال روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے روگردانی بھی ہے۔ جیسے کی ٹریفک سگنل توڑنا بہادری کی علامت ہےاور ہیلمٹ صرف پولیس کےڈر سے بائیک پر رکھا جاتا ہے۔
پیدل چلنے والوں کے لیے زیبراکراسنگ پر جگہ نہیں چھوڑتےاس کے ساتھ ہی پیدل چلنے والے بھی زیبراکراسنگ چھوڑ کر پوری سڑک پر سے روڈ کراس کرتے ہیں پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے فٹ پاتھ پر ہم اپنا کاروبار چلاتے ہیں۔ روڈ کراس کرنے کے لیے اوبر ہیڈ برج بنائے جاتے ہیں، لیکن ان کو روڈ کراس کرنے کے لیے نہیں بلکہ بھیک مانگنے ,نشہ کرنے منجن بیچنے والوں کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے، یہ چھوٹی چھوٹی باتیں المناک حادثات کا موجب بنتی ہیں ہمیں اپنے ذاتی رویوں کو درست کرنا ہوگا۔ ہم اگر اپنی روزمرہ زندگی پر نظر دوڑائیں تو کتنی چیزیں ہیں جوکہ ہم غلط سمجھتے ہیں لیکن پھر بھی کرتے ہیں نہ جاننا اتنا سنگین نہیں ہوتا جتنا کہ جان کر حقیقت سےنظریں چرانا ہوتا ہے۔
اور اگر خدانخواستہ روڈ پر کوئی حادثہ ہو جائے تو ہم یہ سوچ کر لوگوں کی مدد نہیں کر پاتے کہیں تھانے کچہری کا چکر نہ پڑ جائے
حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہوا
لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر
ہم اپنے بچوں کی حفاظت کےلئے اتنے فکر مند رہتے ہیں ہیں اس کے لئے ہر جائز ناجائز طریقے آزماتے ہیں۔ اس کی مثال کراچی کی تقریبا ہر پوش علاقے کی گلیوں میں بنے ہوئے اسپیڈ بریکرہیں جو کہ ہر تین سے چار گھروں کے درمیان موجود ہوتے ہیں ہیں حالانکہ گلیوں اوراندرونی سڑکوں پر سپیڈ بریکر بنانا غیر قانونی عمل ہے، لیکن ہمیں کیا ہمارے بچے تومحفوظ ہیں چاہے کوئی حادثے کا شکار ہو یا کسی کی گاڑی کو نقصان پہنچےہم اس سے کوئی غرض نہیں۔
یہ بات بچے بچے کو معلوم ہےکہ ڈرائیونگ کےدوران موبائل فون کااستعمال کرنا نہ صرف خطرناک ہے، بلکہ جرم بھی ہے لیکن ہم کیسے مان لیں یہ تو ایک بیماری ہے کہ ایک ہاتھ سے گاڑی چلانا اور دوسرے ہاتھ میں موبائل استعمال کرنا ویسے بلوٹوتھ،ہینڈ فری نے کافی مشکل آسان کر دی ہیں۔
ان باتوں میں اکثر ہمارے روزمرہ کےمعمولات کا کا عکس نظر آتا ہے،تو پھر سوچئے کہ جب ہم ایک دوسرے کا درد اور تکلیف محسوس نہیں کریں گے۔ احساس ذمہ داری محسوس نہیں کریں گے تو معاشرہ تہذیب یافتہ اور جمہوری کیسے کہلاسکتا ہے ۔جب ہم اپنا فرض ادا نہیں کریں گے تو ہمیں اپنا حق بھی نہیں مل سکتا ہم معاشرے میں رشوت کا رونا روتے ہیں، لیکن اس کو پھیلانے والے بھی ہم ہیں کیونکہ ہم اپنے کام میں آسانی چاہتے ہیں۔ ہم اپنے جائز کاموں کے لیےبھی رشوت دینے کے لیے تیار رہتے ہیں کیونکہ ہم اپنا مفاد چاہتے ہیں ملک کا نہیں ہم یہ تو کہتے ہیں پاکستان نے کیا دیا، لیکن یہ کبھی سوچا ہے کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا۔ پاکستان نےہمیں شناخت دیں لیکن ہم کرپشن اور بے ایمانی میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔...
کیا ہم پاکستان کو ایک اچھا اورذمہ دار شہری نہیں دے سکتے...... ہم خود اپنے معاشرے کو گھن کی طرح چاٹ رہے ہیں کوئی غلط کام کرتا ہے اس کو روکتے نہیں کوئی ظلم کرتا ہے اس کو بھی برداشت کرتے ہیں ۔ظالم کا ساتھ دیتے ہیں بھتے کی صورت میں رشوت کی صورت میں کیونکہ ہمیں اپنا مفاد اپنا کاروبار عزیز ہے پاکستان کا نہیں۔
ہمیں پاکستان کی سیاست ،معاشرت ,معیشت اور ثقافت کو سدھارنےکے لیےخود کو سدھارنا ہوگا
جب ہی ہمیں اچھے حکمران میسرآئیں گے اور ایک شہری کے حقوق بھی....
اللہ ہم سب کو پاکستان کا بہترین شہری بنائےجیسا کہ اس کا حق اورمعنی ہیں یعنی پاک لوگوں کی سرزمین..... آمین
ذمہ دار شہری




































