
ثروت اقبال
بہت لمبے عرصے بعد اپنی سہیلی صبا سے فون پر بات ہوئی۔ میں نے اسے کل ملنے کو کہا! اس نے بتایا کہ کل ملاقات نہیں ہو سکتی۔ کل ہمارا "شکریہ کا دن" ہے۔ مجھے
تجّسس ہوا کہ اس دن کے بارے میں تو میں نے کبھی نہیں سنا۔ معلوم کرنے پر صبا نے بتایا کہ ہر مہینے کے پہلے جمعہ کو ہم "شکریہ کا دن" مناتے ہیں۔ وہ اس لئے کہ جب میرے دو دیوروں کی شادی ہوئی تو یہ گھر چھوٹا پڑنے لگا لہٰذا ہم نے مجبوراً اپنا الگ گھر لے لیا مگر میرے شوہر اپنے والدین سے اور بچے دادا، دادی سے دور ہوگئے اور میں محبت کرنے والے ساس سسر سے۔ ہماری طبیعت بےچین رہنے لگی جس کا حل "شکریہ کے دن" کے طور پر نکالا جب سسرال میں رہتے تو تقریبا ہر دن ہی شکریہ کا دن تھا ۔اس لیے کہ میری ساس، سسر نے اپنے بیٹے کی بہترین تربیت کی ۔ بہت اچھی تعلیم دلوائی، پال پوس کربڑا کیا یہ سب انہوں نے اپنے بیٹے کےبیوی بچوں کے لئے کیا میرے لئے اور ہمارے بچوں کے لیے انہوں نے اپنی ساری زندگی صرف کردی ۔اس لیے ساس سسرکے پسندیدہ کھانوں اور ضروریات زندگی کی دوسری چیزوں کے ساتھ ہم سب وہاں جاتے ہیں اوران کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ ہمارے بچے ان کے صاف کمرے کو مزید صاف کرتے ہیں ان کے کپڑے استری کرتے ہیں۔ میرے شوہر اپنے والدین کے سر اور پیروں کا مساج کرتے ہیں۔ ہم سب گھر والے مل کر اچھا وقت گزارتے ہیں میں نے اپنی سہیلی سے کہا تم انہیں اپنے گھر کیوں نہیں لے آتیں۔ اس نے بتایا کہ وہ گھر میرے ساس سسر نے بہت محنت اور شوق سے بنوایا ہے وہ اپنے گھر کو چھوڑنا نہیں چاہتے۔ کبھی دو تین دن کے لئے ہمارے گھر آ کر رہتے ہیں تو میرے دیور کے بچوں اور ہمارے بچوں کی پیاری سی لڑائی ہو جاتی ہے دیور کے بچے کہتے ہیں دادا دادی اپنے گھر واپس چلیں آپ کے بغیر آپ کا کمرا سونا ہے۔ ہم اسکول جاتے ہوئے اور اسکول سے واپس آنے کے بعد آپ کو سلام کرنے جاتے ہیں تو وہاں کوئی نہیں ہوتا ۔ آپ کے بغیر گھر اچھا نہیں لگتا۔
صبا کی باتیں سن کر میں اپنے سسرال کےبارے میں سوچنے لگی۔ اس نے پھر کہا کہ میں یہ سب باتیں اگرکسی کوبتاتی ہوں تو وہ یقین نہیں کرتا کہ کیا آج کے دورمیں بھی اولادیں اپنے والدین کا اتنا زیادہ خیال رکھتی ہیں کیونکہ اتنا وقت کسی کے پاس نہیں ہوتا لیکن ہر گز نہیں۔۔ جس اچھے کام کا ارادہ کر لیا جائے تو توفیق اور برکت اللہ ہی کی طرف سے ہوتی ہے ۔


































