
ثروت اقبال
انسانی دل ایک عجیب کائنات ہے۔ اس میں محبت کے پھول بھی کھلتے ہیں اور نفرت کی جھاڑیاں بھی اُگتی ہیں مگر ہر جذبہ محض
اپنے وجود سے معتبر نہیں ہوتا۔اسے معتبر بنانے کے لیے ایک سلیقہ، ایک تہذیب، ایک ظرف درکار ہوتا ہے۔ محبت کرنے کا سلیقہ تو اکثر لوگ سیکھ لیتے ہیں پر نفرت کرنے کا سلیقہ کم ہی لوگوں کو آتا ہےاور حیرت کی بات یہ ہے کہ بعض اوقات محبت سے زیادہ نفرت کے لیے سلیقہ، حوصلہ اور کردار کی مضبوطی چاہیے ہوتی ہے۔
محبت کا سلیقہ یہ ہے کہ انسان دل کشادہ رکھے، دوسروں کی خوبیوں پر نظر ڈالے، ان کی کمیوں کو درگزر کرے اور رشتوں میں نرمی و مہربانی کو جگہ دے۔ محبت میں سخاوت کا دائرہ بڑا ہوتا ہے ،آپ دینا چاہتے ہیں، بانٹنا چاہتے ہیں، جوڑنا چاہتے ہیں۔ محبت انسان کو نرم کر دیتی ہے۔ اس کی آنکھوں میں روشنی اور لہجے میں نرمی بھر دیتی ہے۔
مگر نفرت۔۔۔۔ نفرت کا سلیقہ مختلف ہے۔ بے سلیقہ نفرت انسان کو چھوٹا کر دیتی ہے، اسے اندھے غصے، بے جا ضد اور تلخی کی گرد میں لپیٹ دیتی ہےلیکن اگر انسان نفرت بھی سلیقے سے کرے تو یہ نفرت اس کے عمل اس کی زندگی اور اس کے رشتوں میں نکھار لا سکتی ہے۔
سلیقہ مند نفرت دراصل کسی شخص سے نہیں بلکہ اس کے بُرے عمل، نقصان دہ رویے اور زہر آلود رویّوں سے ہوتی ہے۔ یہ نفرت انسان کو حدود قائم کرنا سکھاتی ہے، یہ بتاتی ہے کہ کہاں رک جانا ہے، کیا نظر انداز کرنا ہےاور کس ظلم کے مقابل کھڑے ہونا ہے۔
سلیقہ مند نفرت وہ ہے جو دل میں زہر نہ بھرے بلکہ زندگی سے فالتو بوجھ ہٹا دے۔ وہ دوستوں سے ہو تو بنا ضرورت کی دوستیوں سے نجات دلاتی ہے، دشمنوں سے ہو تو خود کو مضبوط اور بیدار رکھتی ہے، رشتہ داروں سے ہو تو فاصلوں میں وقار اور احترام باقی رکھتی ہے اور غیروں سے ہو تو انسانیت کے دائرے سے باہر نہیں جانے دیتی۔ اچھے لوگ محبت کے ذریعے جانچے جاتے ہیں اور مضبوط لوگ نفرت کے ذریعے پہچانے جاتے ہیں۔
اصل کمال یہ نہیں کہ ہم کس سے محبت کرتے ہیں ۔اصل فن یہ ہے کہ ہم کس سے اور کیسے نفرت کرتے ہیں۔ محبت کا حسن ملانے میں ہے اور نفرت کا حسن الگ رہ کر بھی وقار برقرار رکھنے میں۔ محبت دل میں نرم گوشہ پیدا کرتی ہے مگر نفرت عقل کو بھی کھا جاتی ہے۔ یوں دیکھا جائے تو محبت اور نفرت دونوں انسانی جذبات کی لازمی کڑیاں ہیں مگر ان کا معیار ہمارا ظرف طے کرتا ہے۔ محبت دل کو بڑا کرتی ہے اور سلیقہ مند نفرت دل کو صاف۔ دونوں کا حسین امتزاج ہی ایک مہذب، باشعور، اور باوقار انسان کی پہچان ہے۔ محبت کا سلیقہ آسان ہے، دل کو نرم رکھیے، رویوں میں شائستگی پیدا کیجئے ،دوسروں کی لغزشوں کو انسانی کمزوری سمجھ کر معاف کیجئے اور رشتوں کو جوڑنے کی خداداد صلاحیت کو زندہ رکھیے۔
لیکن نفرت اس کے لیے سلیقہ شرط اول ہے۔
بے سلیقہ نفرت انسان کی شخصیت کو مسخ کر دیتی ہے ،وہ تلخی کو مزاج میں اتار لیتی ہے۔ اس کے برعکس سلیقہ مند نفرت ایک تہذیب یافتہ اعلان لا تعلق ہی ہے ،یہ کسی شخص سے نہیں بلکہ اس کے برے عمل، اس کے بد صورت رویے، اس کے تباہ کن اثرات سے بغاوت کا نام ہے۔ ایسی نفرت انسان کو گرانے کے بجائے اس کے وقار میں اضافہ کرتی ہے۔
اگر ہم صوفیانہ انداز میں اس کی گہرائی میں جائیں تو صوفیا کے نزدیک محبت ہو یا نفرت دونوں دراصل انسان کی اندرونی کیفیات کے ترجمان ہیں مگر ان کا مقام اُس وقت بلند ہوتا ہے جب یہ جذبے انا کے اندھیرے سے نکل کر روح کی روشنی میں داخل ہوں۔ یوں محبت عبادت کا درجہ پاتی ہے اور نفرت حکمت کا۔
محبت صوفیا کی پہلی منازل میں سے ہے۔ یہ دل کو وسعت دیتی ہے، نگاہ کو لطافت بخشتی ہے اور انسان کو اپنے رب کے قریب تر کرنے کے لیے آمادہ کرتی ہے۔ محبت کا سلیقہ یہ ہے کہ انسان دل سے غبار جھاڑ دے، مخلوقِ خدا کی عزت کرےاور ہر شے میں جمالِ الٰہی کی جھلک تلاش کرے۔ محبت میں جو درگزر ہے وہی انسان کی اصل قوت ہے اور جو قربانی ہے وہی اس کے باطن کو صاف کرتی ہے۔ محبت اگر بے غرض ہو تو وہ عبادت ہے اور اگر غرض کے ساتھ ہو تو محض خواہش۔
صوفی یہ بھی مانتے ہیں کہ نفرت بھی ایک درجہ رکھتی ہے۔ اگر وہ نفرت نفس سے نہ اٹھے بلکہ روح کی صفائی کا وسیلہ بنے۔ ایسی نفرت دراصل برائی سے ہے، ناانصافی سے ہے، ظلم اور کج روی سے ہے۔ یہ نفرت کسی انسان کے وجود کو نہیں مٹاتی بلکہ صرف اس عمل کو رد کرتی ہے جو دل کو غبار آلود کر دے۔
صوفیانہ روایت میں نفرت کوئی آتشِ غضب نہیں بلکہ ایک خاموش کنارہ ہے۔وہ کنارہ جسے اختیار کرنے سے باطن محفوظ ہو جاتا ہے۔ یہ نفرت دشمنی نہیں، حفاظتِ قلب ہے، یہ فاصلہ ہے مگر فاصلہ بھی سراپا وقار۔ اس میں وہ سختی نہیں ہوتی جو دلوں کو جَلا دے بلکہ وہ حکمت ہوتی ہے جو دل کو بچا لے۔یہی وجہ ہے کہ صوفیا کے ہاں محبت میں جذبہ ہے اور نفرت میں ضبط۔
پس صوفی کہتا ہے۔۔۔۔
"محبت سے دل روشن ہوتا ہے اور نفرت سے دل محفوظ۔ دونوں جب سلیقے اور حکمت سے ادا ہوں تو انسان کے باطن میں وہ توازن پیدا ہوتا ہے جو دنیا کے ہنگاموں میں بھی سکون کا باعث بن جاتا ہے۔"کلاسیکی ادب بھی اسی نکتے کی تصدیق کرتا ہے۔ قدیم شاعروں نے جہاں محبت کو آسمانوں کی معراج عطا کی وہیں، نفرت کے لیے بھی ایک تہذیب قائم رکھی۔ ان کے نزدیک انسان کی بڑائی صرف اس میں نہیں کہ وہ کس شدت سے چاہتا ہے بلکہ اس میں ہے کہ وہ کس وقار سے لاتعلق ہوتا ہے۔ محبت بڑھانے کا فن تو ہر عہد میں مل جاتا ہے مگر نفرت میں جو تہذیبِ کردار ہے وہ صرف بلند ظرف انسانوں کا نصیب ہے ۔
۔ یوں محبت و نفرت دونوں روحانی سفر کے دو سنگِ میل ہیں


































