
ثروت اقبال
رنگ نو ڈاٹ کام کے کل پاکستان مقابلہ مضمون نویسی بعنوان ’’میرا پاکستان میری پہچان‘‘ میں شرکت کا موقع ملا۔ مقابلہ تو اپنے اختتام کو پہنچ گیا، مگر اس کے بعد تمام شرکاء کو
کتاب ’’زندہ کہانیاں‘‘ ارسال کرکے بانی رنگ نو جناب زین صدیقی صاحب نے یوں محسوس کروایا جیسے اس خوبصورت سفر کا ایک اور باب ابھی باقی ہے۔
کتاب بھیجنا بظاہر ایک سادہ سا عمل ہے مگر لکھنے اور پڑھنے والوں کے لیے کتاب سے بڑھ کر شاید ہی کوئی خوبصورت تحفہ ہو ۔میرے لیے ’’زندہ کہانیاں‘‘ محض ایک کتاب نہیں بلکہ اُن تمام لوگوں کی محنت اور محبت کا اعتراف ہے جو اپنے وقت، سوچ اور احساس کو لفظوں میں ڈھالتے ہیں۔ یہ اس بات کا خوبصورت احساس بھی ہے کہ لفظ کبھی رائیگاں نہیں جاتے۔
بانی رنگ نو نے شرکاء کو کتاب دے کر صرف حوصلہ افزائی نہیں کی بلکہ لفظوں سے جڑے اس خوبصورت رشتے کو بھی زندہ رکھا ہے ۔ ایسی حوصلہ افزائی قلم کو خوش بھی کرتی ہے اور اسے پہلے سے زیادہ ذمہ داری، محبت اور خلوص کے ساتھ لکھنے پر آمادہ بھی۔
اس محبت، خلوص اور خوبصورت عنایت کے لیے تہِہ دل سے شکریہ۔دعا ہے کہ قلم اسی طرح لفظوں میں زندگی، احساس اور روشنی بانٹتا رہے، اور ’’زندہ کہانیاں‘‘ اپنے ہر قاری کے دل میں ایک نئی کہانی، ایک نیا احساس اور شاید ایک نئی سوچ جگاتی رہے۔
رنگِ نو ، اُن لوگوں کے لیے ایک خوبصورت پلیٹ فارم ہے جہاں لفظوں کو اظہار، تخلیق کو پذیرائی اور لکھنے والوں کو حوصلہ ملتا ہے۔رنگِ نو کی یہ خوبصورت کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ اچھے لفظوں کی قدر کرنے والے آج بھی موجود ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ایک قلم کو دیا گیا حوصلہ شاید ایک پوری دنیا کو روشن کرنے کا سبب بن جائے۔
اللہ رنگِ نو کو اسی طرح نئے لکھنے والوں کے لیے امید، حوصلے اور اظہار کا ایک خوبصورت وسیلہ بنائے۔ ⯑


































