
ثروت اقبال
زبان اظہارکا ذریعہ ادبی ذوق اورسلیقے کی آئینہ دار ہوتی ہے۔ الفاظ کا درست انتخاب تحریرکو نکھارتاہے،جب کہ معمولی سی لفظی غلطی کبھی
کبھی زبان کے حسن کو متاثر کر دیتی ہے۔ اسی لیے لکھنے پڑھنے سے شغف رکھنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ صرف خیالات کی خوب صورتی ہی نہیں الفاظ کے درست استعمال کا بھی خیال رکھیں۔
اردو زبان میں ایک عام سا جملہ اکثر پڑھنے اور سننے کو ملتا ہے’’اپنی تحریریں لکھ کر ہمیں بھیجیں۔‘‘
یا پھر
’’میں نے یہ تحریر لکھی ہے۔‘‘
بظاہر یہ جملے معمول کے محسوس ہوتے ہیں لیکن اگر ہم لفظوں کے مفہوم اور ان کے باہمی تعلق پر غور کریں تو ایک دلچسپ پہلو سامنے آتا ہے۔
تحریر اور لکھنا کیا دونوں ایک ہی معنی رکھتے ہیں؟
لفظ ’’تحریر‘‘ عربی الاصل ہے اور اردو میں اس کے معنی لکھنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ عام بول چال میں ’’تحریر‘‘ سے مراد لکھی ہوئی عبارت، مضمون، مقالہ، خط یا کوئی اور تحریری کاوش بھی ہوتی ہے، جب کہ ’’لکھنا‘‘ ایک فعل ہے۔ جس کے ذریعے کسی خیال، بات یا واقعے کو الفاظ کی صورت میں قلم بند کرنے کا عمل بیان کیا جاتا ہے۔یہاں ایک باریک فرق سمجھنا ضروری ہے، دونوں الفاظ کا تعلق ایک ہی عمل سے ضرور ہے لیکن ہر موقع پر ان کا استعمال یکساں نہیں ہوتا۔
مثلاً ہم کہتے ہیں۔
میں نے ایک مضمون لکھا۔
میں نے ایک مضمون تحریر کیا۔
میں نے اپنی کہانی لکھی۔
میں نے اپنی کہانی تحریر کی۔
یہ سب درست اور رواں جملے ہیں۔ تاہم جب کسی لکھی ہوئی چیز کا نام ’’تحریر‘‘ ہو تو ’’تحریر لکھنا‘‘ کہنے کے بجائے صرف ’’تحریر کرنا‘‘ یا ’’تحریر پیش کرنا‘‘ کہنا زیادہ سلیقہ مند محسوس ہوتا ہے۔
اسی طرح اگر کسی ادبی حلقے میں لکھنے کی دعوت دینی ہو تو کہا جا سکتا ہے:
اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں۔‘‘
اپنے مضامین لکھ کر ہمیں ارسال کریں۔
اپنی تخلیقات ہمارے ساتھ شریک کریں۔
اس موضوع پر اپنی تحریر قلم بند کرکے بھیجیں۔
ان جملوں میں مفہوم بھی واضح ہے اور غیر ضروری تکرار سے بھی بچا گیا ہے۔
کیا ’’تحریر لکھنا‘‘ غلط ہے؟
زبان میں بعض تراکیب رواج پا جاتی ہیں اور ان کا مفہوم بھی آسانی سے سمجھ میں آتا ہے۔ ’’تحریر لکھنا‘‘ بھی عام استعمال میں ملتا ہے اس لیے اسے ہر صورت میں ناقابلِ قبول کہنا مناسب نہیں۔ لفظ ’’تحریر‘‘ خود لکھنے کے عمل یا اس کے نتیجے سے متعلق ہے۔ادبی نثر میں بہتر اسلوب وہی ہے جو بات کو کم سے کم لفظوں میں واضح، بامعنی اور خوش آہنگ انداز میں ادا کرے چنانچہ موقع و محل کے مطابق ’’تحریر کرنا‘‘، ’’مضمون لکھنا‘‘، ’’کہانی لکھنا‘‘ یا ’’تخلیق پیش کرنا‘‘ جیسے متبادل زیادہ موزوں ہو سکتے ہیں۔
اصلاح کا مقصد زبان کو بہتر بنانا ہے۔ہم سب زبان سیکھنے کے عمل سے گزرتے ہیں۔ کبھی کوئی لفظ غلط برت لیتے ہیں کبھی کسی ترکیب کو رواج کی بنا پر اپنا لیتے ہیں اور کبھی برسوں سے استعمال ہونے والے کسی جملے پر غور ہی نہیں کرتے۔
ادبی حلقوں میں زبان و بیان کے ایسے مباحث اس لیے ہونے چاہییں کہ ہماری تحریریں زیادہ مؤثر بن سکیں۔ اگر ہم کسی لفظ کے استعمال پر سوال اٹھائیں تو دلیل کے ساتھ اور اگر کسی کی اصلاح کریں تو احترام کے ساتھ۔ کیونکہ زبان کی خدمت کا مقصد اپنی برتری ثابت کرنا نہیں بلکہ سب کے ادبی ذوق میں اضافہ کرنا ہے۔اچھی تحریر صرف اچھے خیالات سے نہیں بنتی ،لفظوں کے سلیقہ مند انتخاب سے بھی نکھرتی ہے۔
اصلاح کا مقصد زبان کو بہتر بنانا ہے:۔
ہم خود بھی سیکھتے رہیں اور دوسروں کے لیے بھی سیکھنے کے راستے آسان بنائیں۔


































