
ثروت اقبال
کچھ لوگ گھر میں رہتے نہیں گھر کو سنبھالے رکھتے ہیں۔ وہ گھر کا غیر محسوس ستون ہوتے ہیں، وہ جن کے بالوں میں وقت کی سفیدی اتر آئی
ہے۔۔۔
جن کے ہاتھوں کی گرفت پہلے جیسی مضبوط نہیں رہی۔ کبھی ان کے ہاتھ لرز جاتے ہیں۔۔۔جن کی آواز کبھی کبھی دھیمی پڑ جاتی ہےمگر جن کی دعاؤں کا حصار آج بھی ہمارے گرد قائم ہے۔
ہم انہیں بزرگ کہتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ ہمارے گھروں کی زندہ تاریخ اور تجربے کی کتاب ہوتے ہیں۔گھر کے کسی کونے میں خاموش بیٹھا وہ بزرگ صرف ایک فرد نہیں ایک پورا زمانہ ہوتا ہے،ان کے پاس بیٹھ کر ان کے تجربات سے سیکھیے۔۔۔ انہیں آپ کے وقت کی اور آپ کو ان کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ان سے ان کی کوئی پرانی بات پوچھیے۔۔۔ان کی خاموشی کو سنیے۔۔۔۔ان کا ہاتھ تھامیےاور کبھی کبھی بغیر کسی وجہ کے بس اتنا کہہ دیجیے"آپ ہمارے لیے بہت قیمتی ہیں۔"
یاد رکھیے!۔
بزرگوں کو ہمیشہ بڑی چیزوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔۔۔کبھی چند لمحوں کی توجہ اور محبت بھری گفتگویا پھر ان کو بہت اپنایت اور محبت سے پکارا جائے اپنائیت سے پکارا گیا ایک نام ان کے پورے دن کو روشن کر دیتا ہے۔ اس دن صرف بزرگوں کو مبارک باد نہ دیں۔بلکہ ان کے لیے اپنے رویّے بدلنے کا عہد کریں کیونکہ جس گھر میں بزرگوں کی عزت باقی رہتی ہے،وہاں صرف ایک نسل محفوظ نہیں رہتی۔۔۔بلکہ روایات، رشتے، اپنایت۔۔۔ دعائیں اور محبت بھی محفوظ رہتی ہیں۔ ان کی قدر ان کی زندگی میں ہی کرنی چاہیے۔کیونکہ کچھ خالی جگہیں کبھی نہیں بھرتیں۔


































