
افروزعنایت
آج اس رمضان المبارک کی آخری سحری منہ میں نوالہ رکھا تو آنکھیں جھلک پڑیں کہ کیا پایا کچھ ہاتھ لگا یا دامن خالی رہا تزکیہ نفس کے لیے
کچھ گوہر ہاتھ آئے؟ تن کو سنوارنےکی ہی فکر رہی یامن کی آسودگی کا بھی سودا کیا۔ من کی آسودگی تو تزکیہ نفس سےمنسوب ہےجو رب سے ناطہ جوڑ کر آخرت کو منور کرتی ہے۔ ابدی گھر کو روشن کرتی ہے آنسوؤں نے تسلی دی۔اللہ تومیرا اللہ ہی ہے،مہربان اس ماہ مبارک کو یقیناً ہماری اصلاح کا ذریعہ بنائے گا۔ ہمارے گناہوں کے انبار کو اپنی رحمت سےدور کرکے ہمارے لیے فلاح کےراستے کھول دے گا۔انشاءاللہ
پھرآنسو امڈ آئے کتنا مہربان ہےیہ مالک باربار مواقع فراہم کررہا ہے۔ہےکوئی جو جنت کا سودا کرلے مجھ سےتقویٰ کےبدلےخریدلے،آخرت کی ابدی زندگی کو چند آنسوؤں ،چند سجدوں کے طفیل ہاں مگراخلاص کی چاشنی کےساتھ ،بیشک ایمان کے ساتھ اخلاص بندے کو بندہ بنا کر اطاعت اللہ اوراطاعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔
فورا لبوں پر جنبش ہوئی اے مالک بخش دینا ہم سب کوتیرےحبيب کےامتی ہیں ۔ٹوٹی پھوٹی عبادتیں ہیں،چند سجدے ہیں تھوڑے آنسو ہیں اور تیرا آسرا وسہارا ہے شفاعت نبی صلی اللہ علہ وسلم بھی تیری چاہت سے جڑی ہے ۔ یہی گمان ہمیں تقویت اور تقویٰ کی راہ پر گامزن کرتا ہے
اے ماہ مبارک تجھے الوداع نہیں کہہ سکتی ۔ تو اللہ رب العزت کا وہ مہمان تھا،جس نےرب کی طرف سےبہت سے انعامات واکرام کے ساتھ ہمارے در پر دستک دی ۔
بس اس مہمان کو رخصت کرتےیہی دعا لبوں پر ہےکہ یہ مہمان رب العالمین کی طرف سے جو انعامات و اکرامات لیکر آیا ہے اس سے ہم مستفید ہو کر اپنی آخرت کو سنوار سکیں ۔




































