
افروزعنایت
میراایک بیٹا گزشتہ بارہ سال سےقطرکے دارلحکومت دوحہ میں مقیم ہے۔اس لیےمجھےبارہاوہاں جانے کا اتفاق ہواہے،یہ دنیا کا ایک
چھوٹا لیکن ترقی یافتہ اور وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ اس ملک کی سب سےبڑی خوبی قانون کی سختی سے پابندی ہے۔ یہ قانون صاحب حیثیت اور عام لوگوں کے لیے یکساں ہے، یعنی کسی کے ساتھ بھی رعایت نہیں برتی جاتی۔ پاکستانی ،انڈین لاتعداد وہاں روز گار کی وجہ سے رہائش پذیر ہیں جو عام طور پرہرمعاملےمیں قانون کی خلاف ورزی کرتے رہتے ہیں، لیکن وہاں جاکر وہ بھی سدھر گئےہیں ہر جگہ پھونک پھونک کر قدم اٹھاتے ہیں ۔مثلاً سڑک پر ٹریفک بالکل نہیں ہے لیکن سنگنل بند ہے تو ہر صورت میں گاڑی کو مقررہ منٹ تک روکے رکھنا ہے۔ ہر سڑک پر ڈرائیورز کے لیے ہدایات نوٹ ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑتاہے اور اس سلسلے میں کوئی کمی بیشی اور رعایت ناممکن ہے۔ اسی طرح چلتی گاڑی سےکچرا وغیرہ پھینکنے پر بھی سختی سے نمٹا جاتاہے۔
میرے بیٹے کو صرف ایک مرتبہ غلط پارکنگ کی وجہ سے بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ لہٰذا وہ آئندہ کے لیے محتاط ہوگیا۔
یہ صورتحال حال سرکاری اور نجی محکموں میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ ایک مرتبہ کسی محکمے میں (میں بھی قطر میں مقیم تھی) ایک غیر ملکی خاتون نے معمولی رشوت لی ،نہ صرف اسےنوکری سے ہاتھ دھونا پڑا بلکہ بھاری جرمانے کے ساتھ اس اس فعل کی میڈیا پر اس طرح تشہیر کی گئی کہ اس کی سات پشتیں بھی یاد رکھیں گی، غرضیکہ قطرکی ترقی صاف ستھرے پر امن ماحول کےپیچھے وہاں کے رائج کردہ قانون کی سختی سے پابندی ہے متعلقہ حکام اس سلسلے میں امیر ہو یا غریب سب کو ایک ہی پلڑے میں تولتے ہیں۔
معذرت کے ساتھ کہوں گی کہ پاکستان میں قانون صرف غریب کا گریباں پکڑ سکتی ہے صاحب حیثیت کی خوشامند _ _ _
آج پاکستان کی زبوں حالی کی وجوہات میں سر فہرست قانون کی خلاف ورزی اور چور لٹیروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اگرپاکستان کی ترقی ہم چاہتے ہیں تو ہر محکمے میں اصول و ضوابط کے معاملے میں سختی کرنا لازمی امر ہے۔ معذرت کے ساتھ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے _ ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے اوپر سے نیچے تک اور نیچے سے اوپر تک تبدیلی لازمی ہے ۔اس اسلامی ریاست کی سلامتی میں ہماری سلامتی و توقیر پنہاں ہے۔




































