
افروز عنایت
بچپن میں ایک خواب دیکھا تھا خلاف کعبہ کوہاتھوں میں لیکرچوم رہی ہوں اس خواب کو اس عمر کے مطابق عام خواب ہی
سمجھا لیکن عام خوابوں کی طرح اس خواب کو میں فراموش نہ کر پائی بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ خواب مجھ پر طاری ہوتا گیا ۔اس آنے والے وقت میں اس خواب کی تعبیرمجھے ملتی گئی ،میں یہ جملہ کہ "تعبیر ملتی گئی" اس لیے کہ رہی ہوں رب العالمین نے کم وسائل کےباوجود مجھے بار بار اس درپرپہنچایا( سبحان الله)
سال 2010 میں پہلے حج کی سعادت نصیب ہوئی۔مناسک کےوہ دن میرے لیے ناقابل فراموش ہیں۔میں اپنےحج کے سفر نامے میں اپنے دل کا کچھ حال بیان کرچکی ہوں لیکن ان مناظر اوردل پر بیتے ان لمحوں کی داستان لکھنے سےقاصررہی۔ وہ عرفات کا میدان مکہ مکرمہ میں گونجتی اللہ اکبر اللہ اکبر کی صدائیں ہر آنکھ اشکبار۔ دنیا جہاں سےبے پرواہ صرف اللہ کےدربار میں حاضری لبیک اللھم لبیک کی صدائیں ۔۔۔ میں گناہ گار،کبیرہ صغیرہ گناہوں کا بوجھ اٹھائے،امید بھری نظروں سے آسمان کو تکتی جاتی جھوٹ غیبت نمازوں میں کوتاہی ،حقوق اللہ و حقوق العباد میں کوتاہی پھر تو مہربان اللہ میری کونسی ادا تجھے بھا گئی کہ تو مجھ سے راضی ہوگیا اور اس فریضہ کی سعادت نصیب فرمائی۔ بار بار اپنا دامن ٹتولتی رہی کہ میرا دامن تو نیکیوں سے خالی ہے ۔ اس کے باوجود تیری یہ رحمت کہ تو مجھ گنہگار پر مہربان ہوگیا آج بھی ان قیمتی لمحوں کو دل میں سجائے ہوئے ہوں ،خصوصاً اس وادی مکہ میں حجاج کرام کی مناسک میں ادائیگی ،فضیلت واحترام والے دن مجھے ہر لمحے اپنی آغوش میں لے کر حجاج کرام کےدرمیاں پہنچا دیتے ہیں ۔اشکبارآنکھیں لرزتے ہونٹ، بارگاہ الہی میں یہی التجا کرتےہیں کہ مجھ گنہگار کو اس در تک بار بارپہنچانے سعادت بخشنے والے اللہ اب اس حج کو میری بخشش کا ذریعہ بھی تو ہی بنا سکتا ہے.
یہ تحریر لکھتے ہوئےاشکبار دھندلی آنکھوں،میں وہ مناظرہیں میں اپنے گناہ گار وجود کو ان حجاج کرام کے ساتھ محسوس کررہی ہوں۔ دل وذہن پر ایک سرورایک خمار ہےجسے میں کوئی نا م دینے سےقاصرہوں۔ شاید قیامت میں اللہ رب العالمین کے حضور مومنین کی یہی کیفیت ہوگی اللہ میرے اللہ ہم سب کو اپنے پسندیدہ اور مقربین بندوں میں شامل فرمانا آمین ثم آمین یا رب العالمین ۔




































