
افروز عنایت
ریحان دل کابرانہ تھا لیکن جب بھی بولتا بنا سوچےسمجھے بولتا جس کی وجہ سےبنی بنائی بات بھی بگڑجاتی،سامنے والا چاہے بیوی ہویا دوست احباب اگر
کوئی بھی بات کرتا فوراً ادھےمیں اس کی بات کاٹ کرمخالفت کرتا یا اس میں سےکوئی دوسرامطلب نکال کربحث کرتا دوسرے لوگ تو وہیں ٹوکتےاوراسی کی طرح بحث کرتےلیکن بیوی بیچاری یہ سوچ کر خاموش ہوجاتی کہ بیکار میں کہیں بات نہ بڑھ جائےدرگزرکردیتی ،ریحان کی اس عادت کی بناء پر دوست بھی اس سےکترانےلگےتھے۔
جی ہاں دیکھا گیاہےخوش خلقی اورشیریں لب ولہجہ انسان کودوسروں کےقریب لےآتا ہےاورتلخ لب ولہجےسےاپنےبھی اس کی صحبت سے کترانے لگتے ہیں۔
بزرگوں کا یہ قول سچ ہےکہ یہ زبان انسان کودوسروں کےدل میں جگہ بنانے کی وجہ بنتی ہے اوریہی زبان انسان کو دوسروں کی نظروں میں گرا بھی دیتی ہے،یعنی انسان کی گفتگوکا انداز اس کا لب لہجہ دوسروں کو متاثر کرتا ہے۔اس سلسلے ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارے درمیان آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ کے نایاب پہلو موجود ہیں جس پر عمل پیرا ہوکر اپنی زندگی کو روشن کر سکتے ہیں ۔
اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نہایت حلیم بردبارخوش خلق طبعیت کے مالک تھےنرم متاثر کن انداز گفتگو جس سے دشمن بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہتا
سامنے والے کی چاہے وہ دشمن ہی کیوں نہ ہو اس کی بات مکمل سنتے بیچ میں نہ ٹوکتے،دشمن آپ کی شان اقدس میں گستاخی بھی کرتے توآپ نہایت تحمل کا مظاہرہ کرتے اوران کی سخت بات کا جواب کبھی غصے سےنہ دیتے کسی اہم بات کوتین مرتبہ دہراتےاوراگرکسی سلسلے میں سامنے والے سوال جواب کرتے تو کبھی ناراض نہ ہوتےبڑے تحمل سے ان کی بات کو سنتے پھر اس کا جواب دیتے۔ یہ انداز گفتگو اورخوش اخلاقی ہی تھی کہ جس کی بناء پر کٹردشمن بھی دوست بننے پرمجبور ہوگئے،اگر ہم اج اپنے نبی پاک کی سیرت مبارکہ کے مطابق اپنی زندگی کے معاملات انجام دیں تو نہ صرف اپنی زندگی کو بلکہ سامنے والے کی زندگی کو بھی پرسکون اور حسین بناسکتے ہیں کیونکہ دیکھا گیا ہےکہ آج کل زیادہ تر معاملات لوگوں کی بداخلاقی اور بد گوہی کی وجہ سے بگڑتے ہیں اور رشتے ناطوں میں دوریاں پیدا ہوجاتی ہیں لہذا اس زبان کو بے لگام یا بے قابو نہیں چھوڑنا چاہئے۔




































