
افروز عنایت
عدینہ ! دادو اپ نےاپنے بلاگ ،حوصلہ افزائی کےدو بول، میں بچوں کو کامیابی کی طرف لےجانے کے لئےلکھا ہےکہ انہیں حوصلہ افزائی کی ضرورت
ہوتی ہے کیا بڑوں کے لئے بھی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے ؟
میں اپنی بارہ سالہ پوتی کی بات سن کر بہت پیچھے چلی گئی ،جب میں میٹرک کلاس تھی میں اسکول میں چھوٹےموٹے پروگرام میں حصہ لیتی تھی بلکہ اکثر خاکے خود ہی لکھتی تھی۔ بارہ ربیع الاول کے سلسلےمیں اسکول میں پروگرام تھا میری آواز اچھی تھی میری کلاس ٹیچر نے مجھے کہا کہ اپ ضرور حصہ لیجئے گا، مجھے بھی نعت پڑھنےکا بڑا شوق تھا ،لہذا میں بھی پروگرام انچارج کے پاس باقی لڑکیوں کے ساتھ چلی گئی۔
انچارج نے مجھے کوئی نعت پڑھنے کو کہا میں نےانہیں اس وقت کی ایک معروف نعت خواں کی نعت سنائی ابھی آدھی نعت ہی سنائی تھی کہ ٹیچرچیخ پڑیں۔۔۔ او بی بی مرثیہ پڑھنے کے لئے نہیں بلایا آپ کو۔۔۔۔ بس رہنے دیں ،ٹیچر کی بات پر مجھے بڑی شرمندگی ہوئی کہ دوبارہ میں نے نعتیہ پروگرام میں کبھی حصہ نہیں لیا۔
عدینہ ! دادو اپ کیا سوچ رہی ہیں۔۔۔۔جی بیٹا بڑے ہوں یا چھوٹےان سب کے لئےحوصلہ افزائی کےدو بول انہیں آگے لےجاتے ہیں ،جیسے مجھے شروع سے ہی لکھنے کا شوق تھا ۔ کراچی کے ایک معروف اسکول میں بیس سال پڑھانے کا اتفاق ہوا چونکہ مجھے لکھنے کا شوق تھا۔ اسکول اور کالج کے پروگرامز میں خود ہی خاکے لکھتی اور اس میں حصہ بھی لیتی تھی لہذا دوران تدریس جب مجھے موقع ملا تومیں نے بچوں کے پروگرام کے لئے لکھا ہماری میڈم نے اسے بہت پسند کیا۔ اس طرح میں مستقل پروگرامزکے لئے لکھنے لگی اس طرح ایک لکھاری بن گئی بلکہ میں ایک بہترین ٹیچر اپنی میڈم کی وجہ سے بنی وہ ہمیشہ ہر کام میں میری حوصلہ افزائی کرتی تھی اور کہتی کہ تم کرلو گی انشاءاللہ--
میری بڑی بہو شادی کےبعد جب ہمارے گھرکاحصہ بنی تو اسے بالکل کھانا بنانا نہیں اتا تھا ، میں نے اسے کہا بیٹا بناؤگی تو آجائے گا اورکھانےوالے اس گھر کے ہی لوگ ہیں،جب اس نےپہلی مرتبہ سالن بنایا تو میں نے اسے کہا پہلی مرتبہ بنایا لیکن براتو نہیں بنااور تم میں یہ صلاحیت دیکھ رہی ہوں تم بہت اچھا بنا سکتی ہو۔ میرے اس طرح کہنے سے آج وہ بہترین کھانا بنانے والی خاتون ہےلیکن اگر میں بہو پر تنقید کرتی تمہیں کھانا بنانا نہیں آتا بد ذائقہ کھانا بنایا ہے تو یقینا اس کا دل ٹوٹ جاتا ،ہاں ہم تنقید برائے اصلاح کر سکتے ہیں، مثلا کھانا بہت اچھا بنایا ہےاگر گوشت اورگل جاتا تو واہ مزاآجاتا ۔اس طرح مثبت طریقے سے ہم کسی کی اصلاح کرسکتے ہیں تنقید برائے اصلاح یعنی سامنے والے کی بھلائی چاہتے ہیں تو مثبت طریقےسےاس کی غلطی بھی بتائیں اوراصلاح بھی کردیں۔ معذرت کےساتھ آج ہمارے معاشرے میں تنقید اورنقطہ چینی بہت زیادہ نظرآتی ہےجس کی وجہ سے تعلقات میں بھی کشیدگی آجاتی ہے۔ اس لئےاس چیز سے پرہیزلازمی ہے۔




































