
افروز عنایت
وہ میرے بچپن کےحسین دن تھے ،بابا ہرسال چاہے انہیں کتنی ہی مصروفیت کیوں نہ ہوتی وہ ہمیں چھٹیوں میں پاکستان ٹورپرضرور لے
کرجاتے ،اس وقت میری عمر شاید نو یا دس سال تھی بابا نےکوئٹہ اور زیارت وغیرہ کا پروگرام بنایا۔ اس وقت بڑا امن و امان تھا۔ جب ہم زیارت پہنچے تو جولائی کا مہینہ ہونےکے باوجود ٹھنڈ تھی بابا نے ریسٹ ہاوس بک کروایا ہوا تھا ،زیارت تو پوراہی بلکہ مکمل طور پرایک قدرتی حسین تفریح گاہ ہے۔ ریسٹ ہاؤس کے صحن میں کرسیوں پر بیٹھتے توسامنےبلند وبالا پہاڑ اورسر سبز ہریالی کے مناظر ہوتے اوراماں وبابا کی دلچسپ گفتگواورساتھ اس سفر کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے کافی تھے۔
اگلا دن بابا نے قائداعظم ہاؤس کی سیرکےلئے مقررکیا تھا ، یہ وہ دورتھا جب پاکستان کے بچوں کو بھی نہ صرف پاکستان سے بلکہ پاکستان کی آزادی سےمتعلق ہر شخصیت سے پیارتھا اس پیار میں بزرگوں کا بڑا ہاتھ تھا لہذا پاکستان سے اورقائداعظم سے ہماری محبت یقینی تھی ۔ قائداعظم نے اپنی زندگی کے آخری دن اسی مقام یعنی قائداعظم ہاؤس میں گزارے تھے ۔ ان کی استعمال کی تمام اشیاء اسی طرح محفوظ کردی گئی تھی جن سے قائداعظم کی شخصیت کی بھرپورعکاسی ہورہی تھی۔ خصوصی طور پران کا کتب خانہ ان کے ذوق مطالعہ کا منظر پیش کررہا تھا، اس تحریرکی خاص بات یہ ہے کہ وہاں ہمیں ایک بزرگ ہستی سےملنے کا اتفاق ہوا ۔ بقول ان کے،وہ قائداعظم کے خاص ملازم تھے اور ان کی قربت میں انہوں نےبڑا وقت گزارا تھا۔ ہم بچوں کے لئے بڑی اہم بات یہ تھی کہ انہوں نےقائداعظم کو نہ صرف دیکھا تھا بلکہ ان کی زندگی کے آخری دنوں میں بھی انہیں ان کی خدمت کرنے کا موقع ملا تھا ، ایک لمبا عرصہ گزرنے باوجود مجھے قائداعظم کے اس بزرگ ملازم کی چند باتیں آج بھی اچھی طرح یاد ہیں۔
جن سے قائداعظم کی شخصیت کےبہترین پہلوسامنےآتے ہیں ۔ہم پڑھتے بھی آرہے ہیں اوران بزرگ سےبھی معلوم ہوا کہ قائداعظم بڑے اصول پرست اور
بڑی صاف ستھری شخصیت کےمالک تھے،جو ارادہ کر لیتے اسے پایہء تکمیل تک ضرور پہنچاتے جس کی سب سے بڑی مثال پاکستان کی آزادی ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی آزادی کےلیے وہ ڈٹ گئے اور کسی بھی بڑی سے بڑی رکاوٹ کواہمیت نہیں دی ۔ ایک طرف برٹش حکومت اوردوسری طرف ہندو سامراج ،ان سے مقابلہ کوئی آسان کام نہیں تھا ، سخت حالات کا سامنا تھا جوآپ کر رہے تھے، اس محنت اور جدوجہد نے آپ کو وقت سے پہلے بوڑھا کر دیا تھا۔ کمر جھک گئی لیکن سر نہیں جھکا ، آخران کی جدوجہد رنگ لائی اوردنیا کےنقشے پر پاکستان کا نام ایک چاند کی مانند روشن ہوگیا۔ ایسے مضبوط ارادوں کے مالک کم لوگ ہی نظر آتے ہیں۔
قائداعظم کی دن رات کی انتھک محنت سےپاکستان تو وجود میں آگیا لیکن وہ بہت کمزور ہوچکےتھے،شاید اسی لئے زیادہ جی نہیں سکے لیکن آخری لمحوں تک انہیں پاکستان کی ہی فکر دامن گیر تھی ۔
قائداعظم کےاس بزرگ ملازم سے ہم بڑی دلچسپی سے پوچھ رہے تھے کہ ان کا آپ کےساتھ کیسا رویہ تھا ،ہماری بات کا انہوں نے یادگار جواب دیا کہ وہ ملک و قوم کے خود بھی وفادار تھےاور وفادارملازمین کی قدرکرتے تھے ۔
قائداعظم کی ذاتی زندگی کے بارے میں ان کے ملازم سےسنے یہ چند جملےآج بھی ہمیں یاد ہیں۔ بیشک ایک بہترین لیڈر کی یہی خصوصیات ہونی چاہئیں ،آج بھی قائداعظم جیسی صفات والے رہنماؤں کی پاکستان کو اشد ضرورت ہےجو پاکستان کو ان مشکل گھڑیوں سے نکال سکیں کیونکہ ملک کی آزادی کے لیے جس محنت جدوجہد اور ایمانداری و وفاداری کی ضرورت ہوتی ہے، اسی جدوجہد وفاداری اور ایمانداری کی ضرورت ملک اورعوام کی فلاح کے لئے آج بھی ہے۔




































