
افروزعنایت
جی ہاں بچے توبچوں کے ساتھ اور ان کی صحبت میں نہ صرف خوش رہتے ہیں بلکہ بہت کچھ سیکھتے بھی ہیں ، اس چیز کا بھر پور ادراک
مجھے اپنے پوتےارحم کو دیکھ کرہوا۔ آج سے پانچ چھ ماہ پہلے ارحم صرف ڈھائی سال کا تھا،اس وقت وہ ماشاءاللہ اپنی عمرسےزیادہ سمجھدار اور ہوشیار بچہ تھا ۔ ماشاءاللہ اس نے ڈیڑھ سال کی عمر میں ہی بولنا اور سمجھنا سیکھ لیا تھا، سندھی اوراردوزبان مکمل بول لیتا بلکہ کچھ مشکل الفاظ جو اس کی عمرکے بچےسمجھ بھی نہ پاتے یہ روانی سے بول لیتا ماشاءاللہ، بلکہ اب اسے انگریزی کے الفاظ بھی سکھائے جارہے تھے۔
چارمہینے پہلے وہ اپنی والدہ کے ساتھ اپنے والد (عبداللہ ) کے پاس الجبیل (سعودی عرب ) گیا میں نے چند دن میں ہی نوٹ کیا کہ وہ بچہ جوطوطے کی طرح سارا دن بولتا رہتا ہے ، اب کم بولنے لگا ہےخصوصاً جب اس کےبابا آفس سےسیکشن کی وجہ سےرات کو دس بجےواپس آنےلگے توسمجھو اس کی بولتی بند ہوتی گئی بلکہ چڑچڑاہٹ اور بیزاری نمایاں ہوتی گئی وہ جوفون پرسارا دن دادا داداکی رٹ لگائے رکھتا تھا ، اب اس نے دادا سےبولنا بھی بند کر دیا بلکہ بیزاری کا اظہار کرتا میں نے غور کیا کہ ایسا کیوں ہورہا ہے تو یہی بات سمجھ میں آئی کہ وہ اپنے بہت سارے دوستوں سے الگ ہوگیا ہےکیونکہ کراچی میں اس کے ساتھ نہ صرف گھر میں کزنز بلکہ ننھیال میں بھی بہت سارے کزنزکاساتھ رہتا تھا جن کے درمیان وہ خوش رہتا ، بولتا ، قہقہے لگاتا،،وزٹ ویزا کی وجہ سے سعودی عرب میں اسکول میں بھی داخلہ نہیں لے سکتا تھا ،اس کی مما اسے گھر میں ہی مونٹیسوری کا کورس کروا رہی ہے ۔ خیرعبداللہ کاسیکشن مکمل ہونے کہ بعد عبداللہ بیوی اوربیٹے کے ساتھ ایک ہفتے کے لئے عمرہ ادا کرنے گیا۔ مکہ مدینہ میں ان کا تقریباً تمام دن حرم پاک میں گزرتا ، اب ارحم وہاں بچوں بڑوں کے درمیان اپنے اپ کو پہلے کی طرح محسوس کرتا ۔ بہت خوش نظر آتا۔ اس کی وہی شوخی سامنے آتی گئی میں نے بہو اوربیٹے سےکہا کہ اصل میں یہ گھرمیں اپنے آپ کو تنہا محسوس کرتا ہے۔ اس لئے خاموش ہوگیا ہے۔ مہربانی کرکے آپ دونوں نہ صرف خود اس کوزیادہ سے زیادہ وقت دیا کروبلکہ شام کو تھوڑی دیرہی سہی اسے کسی پبلک پلس یا پارک وغیرہ میں لے جایا کرو۔
عمرہ سے واپسی پر چند دنوں میں اس کی پھر وہی پرانی حالت میں نے نوٹ کی ، میں نےدونوں میاں بیوی کوسختی سے تاکید کی کہ جتنا ہوسکےاس کے ساتھ خود بھی باتیں وغیرہ کیا کرو اورروزاسے پارک میں بچوں سےملوایا کرو۔ اب بیٹا شام کو آفس سےآنے کے بعد ضرور اسے ایک گھنٹے کے لئےسامنے پارک میں لےجاتا ہےجہاں وہ اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ کھلتا کودتا ہے۔
کل وڈیو کال پرمجھ سے ارحم اسی پرانے اندازمیں شوخی کے ساتھ باتیں کررہا تھا۔ ماشاءاللہ ،اس نے آج کیا پڑھائی کی کیا کھایا ،پیا سب تفصیل سےبتایا اسے اپنے پرانے انداز میں دیکھ کرمیں نے شکر ادا کیا۔
دونوں میاں بیوی کو اس کی سرگرمیوں کواسی طرح جاری رکھنے کی تاکید کی ۔ بے شک اپ اپنےبچوں کوگھر کی چار دیواری میں دوسرے بچوں سے علیحدہ کتنا ہی سکھ دیں کھلونے دیں کھانےپینے کو دیں لیکن اگر اس کے ساتھ اس کے ہم عمر ساتھیوں کا ساتھ نہیں تو واقعی میں تنہا ہو جاتے ہیں ، اس لئے اسے اس کے دوستوں اور ہم عمر دوستوں کے ساتھ ضرور کچھ وقت گزارنے کا موقع دیں۔




































