
افروز عنایت
چارقسم کے موسم رب العزت کی اس تخلیق میں بھی مصلحتیں پوشیدہ ہیں۔ بدلتے موسموں کے پھل اورسبزیاں پھرموسم کےلحاظ سے ان
کےانسانوں پر اثرات ۔ سبحان اللہ
اور تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاو گے
دیکھا جائے توہرموسم کی اپنی ہی افادیت ہے جوعقلمندوں کے لئے سوچ کے دروازے کھولتی جاتی ہے۔آج کل سردی کا موسم شروع ہوچکا ہے۔ سردی کم پڑے یا زیادہ کچھ احتیاط برتنا لازمی امرہے خصوصاًکھانے پینے میں احتیاط کرنا،نومولود بچے بہت نازک ہوتے ہیں،ان کا خصوصی طور پر خیال رکھنا،ماں کے لئے بھی سکون کا باعث بن سکتا ہے۔
ہم بات کریں کراچی کےموسم کی تو،دیکھا جائےتو یہاں عموما معتدل موسم رہتا ہے،بنسبت پاکستان کےدوسرےعلاقوں کے، نہ بہت زیاد لمبےعرصے تک گرمی اور نہ بہت زیادہ سردی پڑتی ہے۔ مجھ سےمیری پوتی اورنواسی پوچھتی ہیں کہ آپ جب چھوٹی تھیں توسردی اتنی ہی پڑتی تھی یازیادہ؟؟
دیکھاجائےتوآج کےمقابلےمیں ہمیں اس وقت سردی زیادہ محسوس ہوتی تھی جب یم اس بارے میں اپس میں ڈسکس کرتے ہیں تو اس کی بڑی وجہ اس وقت کے گھروں کی تعمیرات تھی ہمارے تقریباً سارے رشتے داروں کے گھر اورفلیٹ اس طرح تعمیر کئےگئےتھے کہ کمروں کے بعد کھلا صحن میں جس کےایک طرف کچن اور پھر آخر میں غسل خانےاور بیت الخلاء بنے ہوتے تھے ،کچن اس طرح ہوادار ہوتے تھے کہ چمنی وغیرہ کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی تھی ۔ باورچی خانہ کےایک طرف سےکھلا آسمان ہونے کی وجہ سے ہوا اوردھوپ ضرورکچن میں داخل ہوتی تھی جس کی وجہ سے سردیوں میں سردی کا احساس بھی کچھ زیادہ ہوتا تھا۔ آج کل عموما اس قسم کی تعمیرات نہ ہونےکے برابر ہیں یا اندرونی شہر میں کہیں ہوسکتی ہے۔لیکن یہ حقیقت ہےکہ ہم سردیوں سے لطف اندوزبہت زیادہ ہوتے تھے ،ماشاءاللہ پوری کرکٹ ٹیم ہم بہن بھائیوں کی تھی اورساتھ میں ہمارے چچا۔(جنہیں اماں نے ہی پالا تھا اور ہم انہیں بڑا بھائی ہی سمجھتے تھے لہٰذا انہیں ہم سب ادا یعنی بڑا بھائی کہتے تھے ماشاءاللہ )اورساتھ میں ہمارے دادا بھی۔
سردیاں شروع ہونےسے پہلے ہی گرم بستر اور گرم کپڑے نکالنےمیں اماں سےزیادہ ہم بہن بھائی دلچسپی لیتے تھے۔ مشکل سے ہم رضائیاں اور کمبل دو دن دھوپ میں ڈالنا برداشت کرتے ۔ تیسرے دن ہم شام ہوتے ہی ان میں دبکے بیٹھے رہتے۔ کیا دن تھے وہ بھی ،پھر سردیوں کی سوغات ڈرائی فروٹ ،میٹھےطعام کھانےکوملتے،ہاں ایک چیزجوسب سے ناگوار گزرتی تھی جوآج کل کےبچوں کو بھی گزرتی ہے۔وہ ہے سردیوں میں اسکول کے لئے اٹھنا ٹھنڈے پانی سےمنہ ہاتھ دھونا جو جوئے شیر لانے کےبرابر تھا کیونکہ گیزرکی سہولت نہ تھی۔ اماں صبح اٹھتے ہی بڑا دیگچہ چولہے پرچڑھا دیتی لیکن پوری کرکٹ کی ٹیم کے لئے یہ ناکافی ہوتاتھا جواٹھنے میں سستی دکھاتا لازما وہ ٹھنڈے پانی سے منہ ہاتھ دھوتا ،خیرآج کل کے بچوں کوتو ایک سہولت میسرہے، وہ ہے گیزر جس کی وجہ سے گرم پانی کا ملنا آسان ہو گیا ،لیکن بقول ہماری بیٹی کےافشاں(ان کی بیٹی ) کو صبح بیدار کرنا آٹے میں سے نمک کو علیحدہ کرنے کے برابر ہے، یا جوئے شیر لانے کے برابر بلکہ اس بھی زیادہ محنت طلب کام ہے _
ہمارے بچپن میں ٹی وی کی نشریات شام چاربجے سےدس بجے تک چلتی تھی لیکن عموماً نوبجے خبر نامے کے بعد ٹی وی بند کردیا جاتا تھا۔ موبائل فون بھی نہ تھا لہذا ہم رات کے کھانےکے بعد زیادہ وقت اماں اوربابا کی صحبت میں گزارتے، بابا کے اس زمانے میں انبیاء کرام اور صحابہ کرام کے واقعات اور پھر نصیحت آموز کہانیاں آج بھی ذہن کےپردوں پرعکس ہیں پھراس دوران ہم بہنوں میں سےایک بابا کےسر پرتیل کی مالش کرتی،بڑا حسین وخوبصورت منظرہوتا تھا، چلغوزے اورڈرائی فروٹ اماں چھیل چھیل کر سب کو کھانے کے لئے دیتی جاتی تھی، آج بھی اکثر گھرانوں میں یہ جھلک نظرآتی ہےلیکن وہ اپنایت ،محبت بھراماحول کم دیکھنے میں آتا ہے۔ الحمدللہ کچھ گھرانوں میں بزرگوں کی کوششوں سے ایسے مناظر دکھائی دیتے ہیں خصوصاً مشترکہ خاندانوں میں۔
میری بذات خود یہی کوشش ہوتی ہےکہ اپنی اولاد کوکچھ ویسا ہی ماحول دے سکوں جو ہمیں ملا تھا تاکہ وہ بھی ہماری عمر کو پہنچ کراپنے بچپن کی یادوں کو اپنے بچوں سے خوشی سے شئیر کرسکیں کیونکہ ماحول ہم خود بناتے ہیں ۔اس سردی کے موسم میں کوشش تو کر سکتے ہیں اس موسم سے خود بھی لطف اندوز ہوں اور اپنے بچوں کو بھی اس مزے سےدوچار کریں۔




































