
افروز عنایت
تین مہینوں سے زیادہ ہوگئے تھے،اس کی طبیعت خراب تھی،اس سےقبل الحمدللہ کبھی اتنی شدیداورلمبے عرصے تک اس کی طبیعت خراب
نہیں ہوئی تھی بلکہ اس نے اپنی زندگی کےماہ و سال صحت و توانائی سے گزارے تھے۔آس پاس وہ نظر وڑاتی تو فوراً اللہ کا شکر بجا لاتی کہ بظاہروہ دبلی بتلی سی تھی لیکن اللہ نے اسے نہ صرف مضبوط بنایا تھا بلکہ وہ بڑی باہمت اوربا حوصلہ خاتون تھی ، لہٰذا زندگی میں آنےوالےحالات کا بھرپور طریقےسےماشاءاللہ مقابلہ بھی کرتی رہی تھی۔ اس میں صرف اور صرف اس کے اللہ کی مدد اس کے ساتھ تھی ۔ الحمدللہ _
آج بھی اس کی طبیعت بہت خراب تھی ، کمر کے درد کے ساتھ ساتھ پورےجسم میں شدید درد تھا ، اس لئےآنکھ کھل گئی،سامنے لگی گھڑی میں اس نےوقت دیکھا، رات کے دو بجے تھے۔۔مسلسل دوائیاں کھانےسےاب تو اسے چکربھی آنے لگےتھےلیکن دوائیاں بند کرنے سےتکلیف میں اضافہ ہوجاتا۔ اس لئےمجبوراً دوائیاں لینی پڑ رہی تھیں ، بقول ڈاکٹرکے اندرونی چوٹ کی وجہ سے کمرکا مہرہ اپنی جگہ سےہٹ گیاہے، شکر کریں آپ فریکچر اور بڑے آپریشن سے بچ گئیں،اس نے سوچا بیشک اللہ نے اس پر رحم فرمایا کہ کسی بڑی تکلیف اور مشکل سے وہ بچ گئی۔
تکلیف سےنیند تو غائب ہو چکی تھی ،حسب معمول وہ درود پڑھنے لگی اور سوچنے لگی یہ موجودہ تکلیف میرے اللہ کی طرف آئی ایک آزمائش ہے۔ اللہ نےزندگی میں اسے بہت کچھ نوازا ہےجس سےاس کےآس پاس بہت سےلوگ محروم ہیں لہذااب مجھے اس آزمائش میں صبر اورشکر کرنا چاہیےمیرا اللہ سکھ وآرام دے کراوردکھ اور تکلیف بھی دیکراپنے بندوں کو آزماتا ہے کہ اس کے بندے کا کیا رد عمل سامنے آتا ہے،یقیناً میرا اللہ بھی مجھے ازما رہا ہے۔ یہ سوچ کر ہی اسے نہ صرف سکون محسوس ہوا بلکہ افسوس بھی ہوا کہ وہ اپنے رب کی بارگاہ میں دعا اور سربسجود ہونے میں کوتاہی کیوں برت رہی ہے۔ یہ سوچ کر اس کی آنکھیں نم ہوگئیں ۔ وہ ہمت کرکے اٹھی ،وضو کرکےشکرانے کےنفل پڑھنےلگی لرزتے ہونٹوں سےاپنے رب سے مخاطب ہوئی یا اللہ مجھےمعاف کردے تونےتو الحمدللہ مجھے میری اوقات سے بڑھ کر نوازا ہے اورمیں تیری طرف سے ائی اس آزمائش پر اتنی پریشان ہوگئی ہوں۔
دعا مانگتے مانگتے ایک دم اسےخیال آیا کہ اللہ اپنے بندوں کو بیماری کی تکلیف دیتا ہے تو اس بیماری کی بدولت بندے کے وہ گناہ جو اس نے کئے ہوتے ہیں وہ جھڑتے جاتے ہیں۔ اس سوچ کے ساتھ ہی اس نے اپنےرب کا شکرادا کیا کہ یقیناًمجھ سے بہت سے گناہ سرزد ہوئےہوں گےجو اس تکلیف کی وجہ سے جھڑتےجارہے ہیں۔ اس خیال کے ذہن میں اتے ہی اس کی آدھی تکلیف دور ہوتی گئی ۔ وہ پلنگ پر لیٹی تواپنے اللہ کا شکر ادا کر رہی تھی کہ جس نے یہ تکلیف دی ہے، اس سےمیرے گناہ بھی جھڑتے جارہے ہیں اوروہ میرا اللہ دوا کا انتظام بھی تو کررہا ہے پھر بے اختیار پھر اس کے منہ سے نکلا شکر الحمدللہ
وہ سوچنے لگی کہ نہ جانے کتنے ایسے بے بس اور کمزور ہمارےآس پاس ہوں گےجومجھ سے زیادہ تکلیف میں مبتلا ہوں گےجن کے پاس علاج کےلئے پیسے بھی نہیں ہوں گے،رب العزت نے تواسے بہترین علاج کی سہولت بھی عطا فرمائی ہےاوراس کے ساتھ تو اس کےکتنے عزیز و اقارب اوردوستوں کی دعائیں بھی ہیں۔ اس کے ہونٹوں سے بے اختیار دعا نکلی یا اللہ توایسے تمام لوگوں کو صحت اور طاقت عطا کرنا جو کسی بھی بیماری اورتکلیف میں مبتلا ہیں، جس قدر وہ سوچتی جارہی تھی اسے اپنی تکلیف میں کمی محسوس ہوتی جارہی تھی۔
ہاں اسےایک چیزیاد آگئی کہ صدقہ خیرات مصیبتوں بیماریوں سےبچاتےہیں کیا اس مہینےاس نےصدقہ اور خیرات؟؟ ،،، اوہ نہیں ۔۔ میں صبح پہلا کام یہی کروں گی،بیشک میرا رب مجھےجھنجھوڑ رہا ہے کہ کہاں کہاں تجھ سے کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں۔ وہ تو مجھےہلکےہلکے ہاتھوں سے تھپک تھپک کرہرچیز یاد کروا رہا ہے۔
بیشک میرااللہ بڑارحمان ورحیم ہے۔بچپن میں ماں باپ بھی تو ہماری غلطیوں پرڈانٹ ڈپٹ کرتےرہتے ہیں تاکہ ان کی اولاد کوئی بڑی غلطی نہ کر بیٹھےجس سے انہیں بڑا نقصان پہنچےتو اللہ رب العزت جو اپنے بندوں سے سترماؤں سے بھی زیادہ محبت کرتا ہےوہ کیسے اپنے بندوں کو آخرت کےبڑے خسارے کے لئے چھوڑ دے گا ۔ وہ یقیناً اپنے بندوں کوآخرت کے بڑے عذاب سے بچانے کے لئے جھنجھوڑتا رہتا ہے۔ آج یہی سوچیں نہ صرف اسےاپنے اللہ کے قریب کرتی جارہی تھیں بلکہ اس کے درد کو بھی کم کرتی جارہی تھیں۔
اس نے اشکبار آنکھوں سے اپنے رب سے معافی مانگی، اللہ میری کوتاہیوں کو نظر اندازکردےمجھےمعاف کردے بیشک تونےتومیری کوتاہیوں کے باوجود اتنا نوازاہے کہ میں اس حساب سے شکر ادا کرنےسے بھی قاصر ہوں۔




































