
افروز عنایت
بیشک ووٹ قوم وملک کی امانت ہےجسے آپ کو ہرصورت میں دینا ہے لیکن سوچ سمجھ کر،ایسے شخص کا انتخاب لازمی شرط ہے جو اس دھرتی پاک
کی بقاوسلامتی کا ضامن ہو ،یہ سچ کرووٹ نہ دینا کہ ہمارے ووٹ کا کیا فائدہ بندہ سلیکٹڈہی آئےگا ،غلط سوچ ہےہمیں ۔ اپنا ووٹ دینا لازمی ہے۔ ورنہ ہمارا ووٹ ان ہی سلیکٹڈ کے کھاتے میں جائے گا ۔خیر جی یہی سوچ کر میں نے طبعیت خراب ہونے کے باوجود ووٹ ڈالنے کی ٹھانی ،گھر والے کسی صورت میں راضی نہیں تھے کہ اپ ایسی حالت میں ووٹ ڈالنے جائیں گی ۔ خیر یہ عمل جوئے شیر لانے کے مترادف تھا ،۔ گھر والوں خاص کر بیٹوں کو راضی کیا آخر شوہر اوربچوں نےمجبور ہوکر کہا کہ خدا نہ کرے کہ آپ کی تکلیف بڑھ جائے لیکن ذمہ داری آپ کی ہوگی، یعنی سب کی ناراضی مول لے کرپولنگ اسٹیشن پہنچی ۔ ہم نے توسوچا تھا کہ صبح کورش کم ہوگا لیکن یہ ہماری بھول تھی اچھا خاصارش تھا ، شکر ہماری گاڑی کو پولنگ اسٹیشن کے قریب تک جانے کی اجازت مل گئی لیکن یہ کیا، پہلی منزل پر سیڑھیوں کے ذریعے اور جانا تھا دونوں بہوئیں پریشان کہ اب کیا ہوگا ۔
آپ سیڑھی چڑھ سکیں گی ؟؟
بھئی یہاں تک تو آگئی ہوں کوشش کر لیتی ہوں ۔ آہستہ آہستہ پہلی منزل پر چڑھنے میں کامیاب تو ہوگئی لیکن اندرکمرہ خواتین سےبھرا ہواتھا قطارباہر کوریڈور تک، نہ اگل سکوں نہ نگل سکوں۔
آخرپولنگ نگراں سے درخواست کی کہ مجھے بہت تکلیف ہے،آپ کچھ رعایت دے سکتی ہیں ۔ اللہ بھلا کرے اس خاتون کا اس نے مجھے سامنے والی بینچ پربیٹھنے کا اشارہ کیا اوردو خواتین کو نمٹائے کے بعد میرے کہنے پر مجھے بلایا خیرجی اس کے بعد بھی مجھے ووٹ ڈالنےمیں مزید 20 منٹ لگ گئے۔ دونوں بہوئیں تو لائن میں کھڑی تھیں جنہیں مزید آدھا گھنٹہ لگ سکتا تھا میری کمرمیں تکلیف بڑھ رہی تھی لہٰذا میں نے واپسی کا فیصلہ کیا۔
آپ اکیلی کیسے سیڑھیاں اتریں گی ۔ میں نے ان دونوں کو مطمئن کیا میں بالکل ٹھیک ہوں۔ آہستہ آہستہ کرکےاتر جاؤں گی نیچے اترنے میں چھ سات منٹ لگ گئے۔ نیچے کوریڈور میں دوخواتین وہیل چئیر پربیٹھیں کسی مدد کا انتظار کر رہیں تھی کیونکہ ان کی حالت مجھ سے بھی خستہ تھی ۔
اللہ کا شکر کہ جیسے ہی عمارت سے باہر آئی بیٹے کو منتظرپایا۔
مذکورہ بالا روداد کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اس ریاست میں کہیں بھی اور کسی موقع پر بھی عمررسیدہ اور بیمار یا کسی تکلیف میں مبتلاافراد کے بارے میں کہیں کوئی انتظام شاذونادر ہی نظرآتا ہے جوانتہائی افسوس ناک صورتحال کہی جاسکتی ہےاورکراچی تو پاکستان کا دل ہے،سب سے بڑا شہراس کی یہ خستہ حالت اورناقص انتظامات باعث شرم کہےجاسکتے ہیں ۔ایسی صورتحال کی وجہ سے یقیناً سیکڑوں افراد ووٹ دینے سے محروم رہ گئے ہونگے،لہٰذا اب اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں تاکہ مستقبل میں ہم مزید تکالیف اور پریشانیوں سے بچ سکیں۔ یہ تو میں نے یہاں ایک معمولی ناقص کارکردگی کا ذکر کیا ہے جبکہ ہمیں تقریباً ہر جگہ اس قسم کی صورتحال سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔




































