
افروز عنایت
آج ہر دوسراشخص مہنگائی کا روناروتا نظرآرہا ہےکہ رزق حلال میں آسانی سےگزارا مشکل ہوگیا ہے،اس بات سےانکارنہیں کہ اس وقت پاکستان
کو درپیش مسائل کی وجہ سےسب سے زیادہ متاثر عوام ہی ہیں، نہ صرف مشکلات و مسائل کا شکار ہیں بلکہ عوام بد امنی کا شکاربھی ہیں لیکن دیکھا جائے تو ہم نے اپنےمعاملات زندگی کی بدولت اپنے اپ کو زیادہ مسائل میں مبتلا کردیا ہےکہ اج جائزکام بھی مسئلہ بن گئے ہیں۔
مثلاً سب سےاہم فریضہ اورسنت نکاح اورولیمہ ہے لیکن ہم نے اس میں مختلف فضول بلکہ غیراسلامی رسومات اورنمود و نمائش کو اس طرح شامل کردیا ہے کہ گویا اگرہم نے یہ نہیں کیا تو ہماری ناک کٹ جائےگی برادری میں بےعزتی ہوگی پھران فضول رسومات پر پیسہ بھی لٹایا جاتا ہے۔
امیر لوگوں کے لئے تو یہ سب کچھ کرناآسان ہےلیکن متوسط طبقہ اورغریب ان رسوم کے اہل نہیں ہیں جس کی وجہ سے انہیں اکثرمقروض بھی ہونا پڑتا ہے۔
پھرمعذرت کے ساتھ ایک بات کہوں گی کہ فی زمانہ لڑکےوالوں سے زیادہ لڑکی والوں کے مطالبات بھی دیکھےگئے ہیں ۔ میری ایک بیوہ عزیزہ جو متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہیں،اس وقت سخت پریشانی میں مبتلا ہیں، اس کے بیٹے کی شادی رشتے داروں میں ہی ہورہی ہےوہ لوگ اچھی طرح لڑکے والوں کی مالی حیثیت سےبھی واقف ہیں لیکن بری کے سلسلے میں اور شادی کی تقریبات کےسلسلےمیں ان کے مطالبات نےاس خاتون کو پریشان کر دیا ہےکہ وہ قرض لینے پرمجبورہوگئی ہے لیکن اس مہنگائی میں ان بیکارمطالبات کو پورا کرنا کیا ضروری ہے کہ بعد میں بھی وہ محدود آمدنی میں سے اس قرض کی ادائیگی کرتی رہے؟
پھر اس طرح اس کی خودداری کو بھی ٹھیس پہنچ رہی ہے۔مجھے جب اسکے تمام معاملات کا پتہ چلا تو میں نے بھی اسےسمجھایا کہ تم ایک دیندار صوم صلاۃ کی پابند خاتون ہواورآگے تمہیں اپنی بیٹی کی بھی شادی کرنی ہے تم اس لڑکی کے والدین کوسمجھاؤ وہ تو تمہارے قریبی رشتہ دار بھی ہیں ۔ تمہارے تمام معاشی حالات سے واقف بھی ہیں اوراپنے آپ کوبھی ان فضولیات سےبچاؤ۔
ہمارا دین تواتنا پیاراہےکہ اگر ہم اپنے معاملات اس کے مطابق انجام دیں توکوئی پریشانی نہ ہو اور برکت ہی برکت ہوجائے۔
ہم اپنےجائز کام آسان بنادیں تو یقینا حرام کام سے بچ سکتے ہیں ۔ نکاح اور ولیمہ جائز کام ہیں لیکن ہم نےاسے مہنگا اورمشکل بنادیا ہےجس کی وجہ سے حرام کام (زنا) آسان ہوتاجارہا ہے۔اسلامی تعلیمات کےمطابق نکاح سادگی سے ہونا چاہےجو لڑکی والوں پربھی بوجھ نہ بنے،مایوں مہندی پٹاخےوغیرہ جن پر لاکھوں روپےخرچ ہوجاتے ہیں لوگ صرف تماشا دیکھتے ہیں ،جس کا کوئی فائدہ نہیں۔
شادی کےموقع پرلڑکےوالوں کا مال خرچ کرنا حق مہر اور ولیمے پرجائز ہے، حق مہر نہ کم اور نہ زیادہ ہونا چاہیے ،اس کی ادائیگی کے لئے بھی اسلام نے آسانیاں دی ہیں ۔ ہمارے پاس امہات المومنین اور دختران نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حق مہر کی مثالیں موجود ہیں جو شوہر کے لئے کسی مشکل کا باعث بھی نہ ہو۔
اس طرح لڑکے والوں کا دوسرامال خرچ کرنا ولیمے پرجائز ہے، وہ بھی اپنی حیثیت کےمطابق سادگی سے خرچ کرنے کی تعلیم ملتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےصرف ایک مرتبہ حضرت زینب کے ولیمے پربکرا قربان کیا تھا ،جبکہ باقی ازواج مطہرات کا ولیمہ نہایت سادگی سے کیا گیا۔
لہٰذا شادی کی تقریبات پر فضول خرچی جائز نہیں ۔ اس سے پرہیزلازمی ہے ،پھرہمارے معاشرے کی ایک برائی یہ بھی ہےکہ دوسروں کی دیکھا دیکھی وہ ہی عمل کیا جاتاہےجوسامنے دیکھتے ہیں، چاہے وہ جائز ہویا نہ ہو،یا یہ سوچتے ہیں کہ کہیں لوگ باتیں نہ بنائیں جبکہ لوگ تو اچھا ہویا برا ضرور باتیں بنائیں گے۔ پچھلے ہفتےہماری سوسائٹی میں ایک خوشحال گھرانے کی بیٹی کی شادی تھی جنہوں نےگھر کے باہرشامیانےمیں مختصر تعداد میں مہمانوں کے ساتھ یہ فریضہ انجام دیا دو تین دن لوگ باتیں کرتےرہے،پھر خاموش ہو گئے، لہٰذا دوسروں کو خوش کرنے کے لئے غلط کاموں کو اپنانا اپنی ذات کو تکلیف میں مبتلا کرنا ہے،جس سے مسائل میں اضافہ ہی ہوتا جاتا ہے ویسے بھی سادگی سے زندگی گزارنا اپنےاپ کو تکالیف سے بچانا ہے اور آج کی اس مہنگائی سے مقابلہ بھی اسی طرز عمل سے ممکن ہو سکے گا۔




































