
افروز عنایت
یہ دن یعنی یوم خواتین مظلوم خواتین کے حقوق کے لیےآوازاٹھانےکے لیے چنا گیا ہےجبکہ میرے دین اسلام نے تو آج سےساڑھے چودہ سو
سال پہلے خواتیں کے حقوق وفرائض کومتعین کردیا تھا۔ طلوع اسلام سے پہلےعورت کی حیثیت ایک باندی سےبھی گئی گزری تھی ۔ دین اسلام نے نہ صرف اس کو حقوق سے نوازا بلکہ عزت وتکریم سے بھی نوازا جس کی مثال کسی مذہب میں نظر نہیں آتی۔
اسلامی تعلیمات کی حدود میں ان ہی حقوق وفرائض کی لڑی میں پروئی ہوئی یہ خاتون اپنی اورپورے خاندان کی بقا اوراستحکام کی ضامن ہے۔ ماشاءاللہ مسلمان عورت کاجب تصورذہن میں آتاہےتو ایک شرم حیا کے پیرائےمیں معتبرہستی کا تصورآتا ہےجو اپنے پورے خاندان کے لیے باعث فخر ہے، آپ یقین کریں کہ اسلامی تعلیمات کی پیروی کرنے والی خاتون چاہے گھر کی چاردیواری کے اندر ہو یا باہر کسی محکمے میں یا کسی ادارے میں ملازمت کرنے والی ہووہ دوسروں کے لیے بڑی محترم ہوجاتی ہے۔
اس ادارے میں کام کرنے والےاسے عزت دیتے ہیں۔ ایسی ہی اسلامی دائرے میں رہنےوالی خاتون کبھی بھی اپنےفرائض سےغافل نہیں رہتی وہ شوہر اور اولاد کے حقوق کی پاسداری میں پیچھےنہیں رہتی۔ وہ اسلامی خطوط کے مطابق اولاد کی تربیت کرتی ہے پھر یقیناً میرےاللہ نےایسی ہی عورت کو حقوق سےسرفراز فرمایا ہےاورحقوق بھی ایسےجو اسے معاشرے میں مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں اس کے گردچار مضبوط سائبان اس کے تحفظ و تکریم کو ترجیح دیتے ہیں باپ، بھائی، شوہر، بیٹا لہٰذا مسلمان عورت.بھی اپنے فرائض میں ان چارون رشتوں کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیتی۔
وہ اپنا فرض سمجھتی ہے کہ ان رشتوں کومایوس نہ کرے۔ پھرمیرا الله کیسے ایسی عورت کو اس کے حقوق سے محروم رکھے۔ مذکورہ بالا رشتوں کو اس کی مکمل عزت پیارتحفظ احترام کی تاکید فرمائی گئی ہے۔ سب سےبڑا درجہ اسے ماں کی حیثیت سے نوازا گیا، اس کے پیروں تلےجنت رکھ دی گئی ، کیا شاندارمقام عطا کیاہےاسلام نےماں کو۔ پھر باپ کے لیے بیٹی کی تعلیم وتربیت کرنے پراسےجنت کی بشارت دی گئی۔ بحیثیت بیٹی اوربہن اسےعزت وتحفط دینے کےعلاوہ اسے وراثت میں حصے سے نوازا گیاہے،بحیثیت بیوی اس کے حقوق قرآن وحدیث سےواضح ہیں۔
آپ نے فرمایا: میں تمہیں عورتوں کے بارے میں اچھے برتاؤ کی نصیحت کرتا ہوں۔ تم اسے قبول کرو کیونکہ عورت ٹیڑھی پسلی سے پیدا ہوئی ہےاگر تم اسے سیدھا کرنا چاہو گےتو اسےتوڑ دو گے اوراس کا توڑنا طلاق ہے اور اگراس کو اس کےحال پر چھوڑ دوگےتوٹیڑھی رہےگی ، اس لئے اس کے حق میں اچھے سلوک کی نصیحت قبول کرو(بخاری مسلم)
اسی طرح آپ نے ایک جگہ فرمایا تم میں بہتر وہ ہے؛ جو اپنی بیویوں کے ساتھ اچھی طرح پیش آئے (مشکوٰۃ شریف)
اسلام نےتوغیر اجنبی عورت کےلیے بھی احتیاط برتنےکی تلقین فرمائی ہے اوراسے عزت دینے کی نصیحت فرمائی ہے۔غیرعورت پر نظر ڈالنے سے بھی روکا گیا ہے۔مختصر یہ کہ واحد مذہب اسلام ہےجس نے عورت کو مکمل حقوق سے نوازا ہے۔ جس کی بدولت اسے اسلامی معاشرے میں تحفظ بھی حاصل ہے اوراسے اپنے گھر کی ملکہ ہونےکا اعزاز بھی بخشا گیاہے،اگر یہ وطن عزیز صحیح معنوں میں اسلامی ریاست بن جائے تو یقیناًعورت کو بھی وہی حقوق مل جائیں گے جو دین اسلام نےاسےنوازے ہیں ۔ آج اسلامی تعلیمات واحکامات کوپس پشت ڈالنے اور فراموش کرنے کی وجہ سے عورت مصائب کا شکار ہے۔ اس حقیقت کو ہمیں تسلیم کرنا چاہیے۔




































