
افروز عنایت
باجی !- ثمینہ تم ابھی جوان ہوخوب صورت ہو رشتہ اچھا ہے،سہیل کی بیوی کا انتقال ہوچکا ہےصرف دو پندرہ سولہ سال کےجڑواں بیٹے ہیں۔
ثمینہ ! - باجی میری بچیاں جوان ہورہی ہیں ،یہ کیسے ممکن ہےکیا وہ اس چھت تلے تین نامحرموں کےدرمیان محفوظ رہ سکیں گی -----ویسے بھی مجھےبچوں کےاسکول میں ملازمت مل گئی ہے، شعیب کی پینشن بھی آئے گی ۔ گھراپنا ذاتی ہےبلکہ شعیب کے دفتر سے ملنے والے بقایاجات سے گھر کے اوپر پورشن بنواکرکرائے پردے دوں گی جس سے آمدنی میں اضافہ ہوجائےگا،کسی کی محتاجی بھی نہیں رہے گی -
اب اسلامی تعلیمات ہی اس کی محافظ تھی چنانچہ ثمینہ نے اپنے اپ کو بالکل بدل دیا، نہ صرف خود عبایا لینے لگی بلکہ دونوں بیٹیوں کو بھی عبائے کی عادت ڈالی ،اس نے اپنی زندگی بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئےوقف کردی۔ رب العزت پر کامل بھروسہ تھا، اس نے پوری ہمت اور حوصلے کے ساتھ اپنی زندگی اپنے بچوں کے لئےوقف کردی۔ تنہا عورت کا اگرچہ ان تمام ذمہ داریوں کا اکیلے بوجھ اٹھانا بہت مشکل کام تھا لیکن دوسری شادی کے بعد خصوصا بچیاں سوتیلے باپ یااس کے بیٹوں کےساتھ ایک چھت تلے زندگی گزاریں یہ اسے منظور نہ تھا۔
تنہائی میں وہ اپنے ذہن اوردل کو سمجھاتی کہ اللہ نےاسےذہن ،دماغ،صحت جیسی بہت سی نعمتوں کےساتھ ساتھ چھت بھی دی ہےاس لئےوہ اللہ کی مدد سے سب کرسکتی ہے۔ یہی وہ قوت تھی جس کی بدولت اس کےحوصلے بلند تھے – اس طرح اس کےبچے نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرپائے بلکہ نیک اطوارکی وجہ سے سب کےلئے مثال بن گئے تھے۔ ان کا مستقبل بھی روشن تھا جس پروہ ہر گھڑی اپنے رب کا شکر ادا کرتی تھیں بچوں کوبھی اپنی ماں کی قربانی اورجدوجہد کا احساس تھا جس کی بناء پروہ تینوں ماں کے فرمانبرداراور خدمت گزاربھی تھے۔
اس نے ماضی میں جو وقت اپنے بچوں پرسرف کیا تھا، آج بچے اس کی توقعات سے زیادہ اسےوقت دے رہےتھے، خصوصاً بیٹا اس کےبڑھاپے کی مضبوط لاٹھی تھا۔ آج لوگ اس پررشک کررہے تھےجو کل تک ترس بھری نگاہوں سےاسے دیکھتے تھے۔




































