
افروز عنایت
عالیہ !- چلوعید کی شاپنگ توہوگئی صرف رمیزکےکپڑے لینے ہیں،وہ بھی آج لےلیں گےتاکہ پورارمضان المبارک اطمینان سےعبادت میں گزرے گااور خاص طور پر رمیزتم
تراویح نہیں پڑھتےہو 16 سال کے ہوگئے ہوفرض نماز کے ساتھ نوافل بھی پڑھا کرو۔ اس ماہ میں نوافل کا درجہ فرض کےبرابرہوجاتا ہے اور نیکی کا اجردگنا سبحان اللہ
شبیر!- ارے ہاں یاد آیا،زکوٰۃ کا صحیح حساب لگایا ہےتم نے۔
عالیہ!- میں نے پوری کوشش کی ہے،زیورات اور بینک میں جوکیش ہےسب پر زکوٰۃ ادا کردی ہے ،یہ بڑی ذمہ داری کا کام ہے-- میں نے ماسی ،چوکیدار اورکچھ مانگنے والے آئے تھےسب کو راشن دے دیا ہے ۔
رمیزجواب اکثر وبیشترمسجد میں نماز پڑھنے کے بعد مولانا صاحب کا بیان سننےکے لیے رک جاتا تھااسے یاد آیا کہ زکوٰۃ پرغریب مفلس اقارب کا زیادہ حق ہوتا ہےجب کہ اس نے جب سے ہوش سنبھالا ہے،اپنے ماں باپ کو صوم و صلا ۃ کا پابند دیکھا ہے وہ اپنے بچوں کو بھی نیکی کی تلقین کرتےرہتے ہیں لیکن مما اوربابا نے کبھی بھی اپنے غریب قریبی رشتے داروں کو نہ کبھی زکوٰۃ دی نہ ان سے زیادہ میل ملاپ رکھا ،اسے سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ اپنے والدین کی توجہ اس طرف کیسے دلائے۔
آج اتفاقاً راستے میں اس کا کزن ریحان اسے مل گیا جوکافی پریشان لگ رہا تھا ،خیر خیریت معلوم کرنے پراس نے بتایا کہ ابا کی طبعیت بہت خراب ہے ۔
رمیز!- تو تم لوگوں نے چاچو کو کسی ڈاکٹر کو دکھایا وہ کیا کہتے ہیں ؟؟؟
ریحان !- ہاں عزیر بھائی ،دوائیاں ہی لینے آیا تھا لیکن
رمیز!-- لیکن کیا ،اچھا بھائی میں چلتا ہوں(یوں لگ رہا تھا جیسے وہ اپنی مفلسی رمیز سے چھپا رہا تھا )
رمیز نےسامنے میڈیکل اسٹور کو دیکھا جہاں سے ریحان واپس آرہاتھا ، وہ ساری صورتحال سمجھ گیا اس وقت اس کی جیب میں ٹیوشن کےسرکو دینے کے لئے فیس موجود تھی لہٰذا اس نے ریحان کا ہاتھ پکڑااوراس کے ہاتھ میں فیس کے پانچ ہزاررکھ دیےکہ تم چاچو کےلیےدوائی لے لو۔
رمیز !- مما اپ سے کچھ بات کرنی تھی
عالیہ !-- ہاں بولو بیٹا کیا کہنا ہے ؟؟
(دوسرے کمرے میں شبیر بھی بیٹھا تھا)
رمیز !-- مما اپ کے پاس زکوٰۃ کی رقم میں سے کچھ رقم ابھی رہتی ہے؟؟؟
عالیہ (سوالیہ نظروں سے )کیوں ،میرا مطلب ہے تم یہ کیوں پوچھ رہے ہو ؟؟؟
رمیز !-- اصغر چاچو بہت بیمارہیں (پھر رمیز نے پوری بات مما کو بتا دی) مما اگر ہم کچھ رقم میرا مطلب ہے کہ میرے عید کے کپڑوں کے لئےجو پیسے آپ نےرکھے ہیں وہ چاچو کی فیملی کو دے دیں ویسے ہی ابھی پچھلے مہینے دوسوٹ ماموں کی شادی پر میں نے بنوائے تھے۔
(عالیہ بیٹے کی بات سن کر پھٹی پھٹی آنکھوں سے اسے دیکھنے لگی )
رمیز!-- آپ نےہی توبتایا تھا کہ اس ماہ مبارک میں ہر نیکی کا اجر بڑھ جاتا ہے کل پہلا روزہ ہےاورویسے بھی غریب رشتے داروں کی خبر گیری لینا،( رمیز سامنے سے بابا کو آتے دیکھ کرچپ ہوگیا)
بابا شاید رمیز کی بات کا مطلب سمجھ گئے،انہیں بڑی شرمندگی محسوس ہوئی کہ اس نے کبھی غریب رشتہ داروں کی خبرگیری نہیں لی ۔معمولی گھریلو جھگڑے کو اتنا طول دیاکہ ان سےملنا جلنا بھی ختم کردیا ہے۔
شبیر !-( عالیہ سے) تراویح کے بعد تیاررہنا آج اصغر بھائی کی عیادت کرنے جائیں گے ۔ راستےسے کچھ پھل بھی لیتے جائیں گے اورہاں وہ کچھ پیسے ساتھ میں لے لینا اصغر بھائی کے علاج کے لئے دیتے آئیں گے۔
ریحان اور خصوصاً اس کے والد کو اج تراویح پڑھتے ہوئے زیادہ سکون محسوس ہورہا تھا ۔




































